انڈرگریجویٹ پروگرامز داخلہ ٹیسٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ 17 جولائی کر دی گئی

منگل 11 جولائی 2017 16:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2017ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے قائم کردہ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل نے جامعات کے انڈرگریجویٹ پروگرامزمیں داخلہ کیلئے ہونے والے ٹیسٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ جولائی 12 سے بڑھا کر 17 جولائی کر دی ہے۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل ملک کا واحد سرکاری ٹیسٹنگ کونسل ہے جسے ایچ ای سی نے جامعات میں داخلہ کیلئے معیاری ٹیسٹ منعقد کرنے کی غرض سے قائم کیا۔

(جاری ہے)

ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کی جانب سے منعقد ہونے والے ٹیسٹ تمام طلباء کیلئے مفت ہوں گے اور ہر ٹیسٹ دو سال کے عرصہ کیلئے قابل ِقبول ہو گا۔ 12 سالہ سکولنگ یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت والے طلباء اور بارہویں سال کے نتائج کا انتظار کرنے والے طلباء انڈرگریجویٹ ٹیسٹ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ٹیسٹ مخصوص سرکاری و نجی جامعات میں داخلہ کے لئے مستعمل ہوں گے جن کے نام ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔