پاکستانی طلباء پر مشتمل دو مختلف ٹیموں کی عالمی کیمسٹری اولمپیڈ اور عالمی فزکس اولمپیڈ میں شرکت

منگل 18 جولائی 2017 17:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2017ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے مشترکہ ’’سٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ میتھمیٹکس) کیریئرز پروگرام‘‘ کے تحت منتخب ہونے والے پاکستانی طلباء پر مشتمل دو مختلف ٹیموں نے تھائی لینڈاور انڈونیشیا میںبالترتیب منعقد کردہ عالمی کیمسٹری اولمپیڈ اور عالمی فزکس اولمپیڈ میں شرکت کی۔

عالمی کیمسٹری مقابلہ میں شرکت کرنے والی ٹیم میں چار جبکہ عالمی فزکس مقابلہ میں پانچ طلباء شامل تھے جنہوں نے دنیا بھر سے آئے مذکورہ مضامین کے ہونہار 300 طلباء کے ساتھ مقابلہ میں حصہ لیا۔ کیمسٹری ٹیم میں لائیسیم سکول کراچی سے مس ماہا ایوب، جنریشنز سکول کراچی سے شاہ محمد حسن، بیکن ہائوس سکول سسٹم اسلام آباد سے مس آمنہ مسعود اور اقراء آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کوئٹہ سے مس ماہنور معین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فزکس اولمپیڈز میں شریک ٹیم میں گورنمنٹ ڈگری کالج لاڑکانہ، سندھ سے مزمل علی شیخ، کراچی گرامر سکول کلفٹن، کراچی سے باقر حسن جعفری، بیکن ہائوس سکول سسٹم ایبٹ آباد سے زریز نعیم، اے سی ایم اے کالج آف ایکسیلینس سرگودہا کینٹ سے عبید االله اور ایف جی سرسید کالج ، دی مال، راوالپنڈی سے محمد مبین شامل ہیں۔ مذکورہ ٹیموں کا انتخاب ملک بھر میں سٹیم کیریئرز پروگرام کے تحت منعقد کردہ سکریننگ ٹیسٹ کے بعد عمل میں آیا۔

ابتدائی طور پرہر مقابلے کیلئے 50 طلباء کا انتخاب کیا گیا تاہم مختلف تربیتی کیمپس کے انعقاد کے بعد حتمی طور پر دونوں مقابلوں کیلئے مذکورہ طلباء کو منتخب کیا گیا۔ انٹرنیشنل اولمپیڈز کالج کے طلباء کے لئے منعقد کیے جانے والے اعلیٰ عالمی مقابلوں میں سے ایک ہیں جن میں 20 سال سے کم عمر کے کالج کے طلباء دنیا بھر سے شرکت کر کے مختلف مضامین میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔

سٹیم پروگرام ایچ ای سی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا مشترکہ منصوبہ ہیں جس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے ہے تاکہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، اورریاضی کے مضامین میں اپناکیرئیر اختیار کریں ۔ اس پروگرام کے تحت طبعیات، بائیولوجی، ریاضی اور کیمسٹری کے مضامین سال میں ایک دفعہ منعقد ہونے والے انٹرنیشنل اولمپیڈز کیلئے طلباء کو تیار کیا جاتا ہے۔