جے آئی ٹی بناکر شہادتوں کا موقع دیا گیا مگر شریف خاندان نے کچھ پیش نہ کیا ، حکمران خاندان کا اصل کاروبارکرپشن ہے، ن لیگ بہت زیادہ گھبراہٹ اور تکلیف میں ہے ، شفقت محمود

پاناما کا معاملہ شریف خاندان کی 14 سال قید کی جانب جارہا ہے ، اب کوئی معجزہ ہی نواز شریف کی فیملی کو 14 سال قید اور 10 سال کی نا اہلی سے بچا سکتا ہے ، تحریک انصاف کے سینئر رہنما و ترجمان فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

منگل 18 جولائی 2017 22:36

جے آئی ٹی بناکر شہادتوں کا موقع دیا گیا مگر شریف خاندان نے کچھ پیش ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہاہے کہ جے آئی ٹی بناکر شہادتوں کا موقع دیا گیا مگر شریف خاندان نے کچھ پیش نہ کیا۔ حکمران خاندان کا اصل کاروبارکرپشن ہے، ن لیگ بہت زیادہ گھبراہٹ اور تکلیف میں ہے۔ وہ منگل کو سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کررہے تھے ۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما و ترجمان فواد چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس اب ختم ہوچکاہے،ثابت ہوگیا کہ مریم نیلسن نیسکول کی مالکن ہیں،گلف اسٹیل کے بکنے کی کوئی ان کے پاس دستاویزات نہیںہے۔جے آئی ٹی نے قانون کے مطابق دیگرممالک سے معاونت مانگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کہاگیاکہ ساری دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں لیکن اب نون لیگ کی تڑپ اورگرج میں اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے میدیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کا معاملہ شریف خاندان کی 14 سال قید کی جانب جارہا ہے اب کوئی معجزہ ہی نواز شریف کی فیملی کو 14 سال قید اور 10 سال کی نا اہلی سے بچا سکتا ہے۔پورے پاکستان کی نظریں سپریم کورٹ اور ججز پر ہیں پاناما کیس کا معاملہ براہ راست نوازشریف، مریم، حسن اور حسین نواز کی 14سال قید کی طرف جا رہا ہے۔، وزیراعظم کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے، اب نوازشریف جائیں گے اور نیا وزیراعظم آئے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شریف فیملی کے اپارٹمنٹس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جارہیں، کہتے ہیں کہ چوری ہوئی ہے، پاکستان سے پیسا بھی باہر گیا ہے مگر تفتیش نہ کریں، نون لیگ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا جب کہ وفاقی وزرا اور نون لیگی ٹولہ روزانہ سپریم کورٹ کے باہر آکر جھوٹ بولتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ عدالت جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 سامنے نہیں لارہی جب کہ عدالت نے نوازشریف اور ان کی ٹیم پر چھوڑا ہے کہ رپورٹ کی جلد نمبر10 کھلوائیں۔

اگر وہ کھل گئی تو اور بہت انکشافات ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت باربار اصرار کررہی ہے کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کی ویڈیو منظرعام پر لائی جائے ہم بھی چاہتے ہیں کہ جے آئی ٹی کی کارروائی کی وڈیو دکھائی جائے اگر رپورٹ کی ویڈیوز پاکستانی سنیما گھروں میں دکھائی جائیں تو فلم انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا جب کہ کیپٹن صفدرکی جے آئی ٹی وڈیو دکھائی گئی توٹکٹیں بلیک میں فروخت ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سنا تھا قیامت کے دن بچے باپ کو اور باپ بچوں کو نہیں پہچانیں گے لیکن نوازشریف نے تو ابھی سے اپنے سگے خالو کو پہچاننے سے انکارکردیا۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور خاندان نے اربوں روپے پاکستان سے چوری کیے، وزیراعظم کونااہل قراردے کرمقدمہ احتساب عدالت کوبھیجاجائے۔ شریف فیملی اب بھی ریکارڈ دے تومعاملہ ختم ہوجائے گا،یہاں ٹائیں ٹائیں فش ہوگیا ہے یہاں ان کے پاس کچھ نہیں۔انہوں نے ن لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم اپنا جواب دے دو، بنی گالہ والوں سے جو پوچھا گیا اس کا جواب دے رہے ہیں۔آخری دس پندرہ دن چل رہے ہیں،پاکستان کے لوگ جشن کی تیاری کریں۔