یونان اور ترکی میں 6.7 شدت کے زلزلے نے سمندر میں واقع جزائر میں تباہی مچادی‘ 2 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 21 جولائی 2017 15:28

یونان اور ترکی میں 6.7 شدت کے زلزلے نے سمندر میں واقع جزائر میں تباہی ..
ایتھنز/انقرہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جولائی۔2017ء) یونان اور ترکی کے درمیان موجود بحیرہ ایجین میں 6.7 شدت کے زلزلے نے سمندر میں واقع جزائر میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز بحیرہ ایجین سے متصل ترک تفریحی مقام بوڈرم سے 10.3 کلومیٹر جنوب جبکہ یونانی جزیرہ کوس سے 16.2 کلومیٹر مشرق میں تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یونانی پولیس حکام نے کہا کہ اب تک ایک سوئیڈش اور ایک ترک باشندہ ہلاک ہوچکا ہے جبکہ ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ہلاک ہونے والے سوئیڈش باشندے کی عمر 27 سال جبکہ ترک باشندے کی عمر 39 برس ہے جن کی لاش ایک جزیرے کی سڑک سے ملی۔یونانی حکومت کے ترجمان ڈمیترس زاناکوپولس نے بتایا کہ کوس کی بندرگاہ کو سمندری ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاہم جزیرے کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ترکی کی مشہور تفریح گاہ بوڈرم کے ہسپتال کی دیواروں میں زلزلے کے باعث دراڑیں آجانے کی وجہ سے اسے خالی کرالیا گیا جبکہ ہسپتال میں موجود مریضوں اور زلزلے کے دوران زخمی ہونے والوں کو ہسپتال کے باغیچے میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ترکی کے جنوبی صوبے موگل کے گورنر نے بتایا کہ بوڈرم میں لوگ زلزلے کی وجہ سے معمولی زخمی ہوئے جبکہ علاقے کی صورتحال پر قابو پالیا گیا۔