نواز شریف اکیلا نہیں پورے ٹبر سمیت جارہا ہے ،عارف علوی

بے رحم احتساب کا آغاز ہوچکا ہے، سندھ کے وسائل لوٹنے والے بڑے بڑے مگر مچھ بھی اس احتساب کے شکنجے میں آئیں گے، صدر پی ٹی آئی سندھ

اتوار 23 جولائی 2017 21:12

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نواز شریف جا رہاہے اور اکیلا نہیں پورے ٹبر سمیت جارہا ہے ۔ کرپشن سے حکمران خاندان کا دامن داغدار نہیں بلکہ پورے کپڑے گندے ہوچکے ہیں ۔ بے رحم احتساب کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سندھ کے وسائل لوٹنے والے بڑے بڑے مگر مچھ بھی اس احتساب کے شکنجے میں آئیں گے۔

جب اس ملک میں قانون اور آئین کی بالا دستی ہوگی تب یہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔یہ باتیں انہوں نے راجہ واٹر پارک سکھر میں ہندو برادری کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئے گئے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما پپو خان چاچڑ ، آغا ارسلان، راجہ جکوانی ، نیاز حسین کھوسو، مبین جتوئی ،الیاس شیخ ، دوا خان صابر ،طاہر ملک اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علو ی نے مزید کہا کہ ہندو برادری کی تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دیتاہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ منارٹی کو ان کے حقوق دلانا تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔ کیونکہ تحریک انصاف کی سیاست لسانیت ، فرقہ واریت اور مسلک سے بالاتر ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کراچی سے لے کر خیبر تک بولان سے لے کر گلگت تک پسے ہوئے طبقے کو متحد کر رہے ہیں ۔ اس لئے آج پوری قوم تحریک انصاف اور عمران خان کو امید کی آخری کرن سمجھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :