محکمہ ثانوی تعلیم میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے،عبدالفتح بھنگر

محکمہ تعلیم میں بہتری کے لئے تمام اسٹاک ہولڈرز محکمہ کی معاونت کریں حالیہ ترقیاتی پروگرام میں نئے ڈائریکٹریٹ کی تعمیر کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے،سیکریٹری تعلیم کا اجلاس سے خطاب

منگل 25 جولائی 2017 23:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جولائی2017ء) سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کہا ہے کہ محکمہ ثانوی تعلیم میں اصلاحات لانا وقت کی عین ضرورت ہے جبکہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر نت نئے تجربات کو استعمال میں لانے کے لئے ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن، بیورو ودیگر شعبوں کے سربراہان اس حوالے سے محکمہ ثانوی تعلیم کی رہنمائی کریں کیونکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبوں کے دائرہ اختیار میں آنے سے اس میں عصر حاضر سے ہم آہنگ پالیسیز بنانا انتہائی ضروری ہے۔

یہ بات انہوں نے ڈائریکٹریٹ آف اسکولز وتوسیعی میں ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکولز رفیق ترین، ڈائریکٹر بیورو نظر کاکڑ، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز ودیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر بیورو وڈائریکٹر اسکولز نے اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور سیکریٹری کو بتایا کہ ثانوی تعلیم سے منسلک اساتذہ واسٹاف کو ٹریننگ دینے کی اشد ضرورت ہے جبکہ اس حوالے سے کوئی جامع مرتب کردہ پالیسی نہیں ہے۔

علاوہ ازیں ڈائریکٹریٹ کی موجودہ جگہ بھی انتہائی تنگ اور دیگر ادارے بھی اس میں کام کررہے ہیں جہاں پر کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے بتایا کہ حالیہ ترقیاتی پروگرام میں نئے ڈائریکٹریٹ کی تعمیر کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے جس پر بہت جلد ایک مناسب جگہ میں تعمیر شروع کردی جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے بیورو کے آفیسران وٹیکسٹ بک بورڈ کو ہدایات دیں کہ اب جو بھی نیا سلیبس بنے گا اس میں نئے تجربات کو استعمال میں لایا جائے جبکہ محکمہ تعلیم میں بہتری کے لئے تمام اسٹاک ہولڈرز محکمہ کی معاونت کریں اور خلوص نیت سے اپنے فرائض منصبی انجام دیں۔ بعد ازاں سیکریٹری نے بروری روڈ پر قائم اسکول کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :