چوہدری پرویز الہی کی سیاست کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کے لئے غروب ہوچکا ہے ،مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن

سیاسی تنہائی اور گمنامی کا شکار پرویز الہی وقتا فوقتاجھوٹ کی سیاست کا بازار گرم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں،منور رضا،خواجہ طارق نذیر ماضی کے یہ کرپٹ لٹیرے جن کی سیاست آمریت کی چاپلوسی سے عبارت ہے،عوام کو ایک بار پھر سے بے وقوف بنانے نکلے ہیں ،نورخان اخونزادہ، حاجی شاہجہان

بدھ 26 جولائی 2017 18:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا ،سیکرٹری جنرل خواجہ طارق نذیر ،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخونزادہ ، نائب صڈر حاجی شاہجہان ،سیکرٹری اطلاعات ناصرا لدین محمود اور میڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹ نے کہا ہے کہپنجاب کے سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الہی جن کی سیاست کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کے لئے غروب ہوچکا ہے اور ان کی تانگہ پارٹی قاف لیگ کوگجرات میں بھی کوئی نہیںجانتا،سیاسی تنہائی اور گمنامی کا شکار چوہدری پرویز الہی وقتا فوقتا دروغ گوئی اورجھوٹ کی سیاست کا بازار گرم کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں مگر ان کی کوئی نہیں سنتاکیونکہ عوام یہ بات اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ ماضی کے یہ کرپٹ لٹیرے جن کی سیاست آمریت کی چاپلوسی سے عبارت ہے،عوام کو ایک بار پھر سے بے وقوف بنانے نکلے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو ایک بیان میں کیا ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ چوہدری برادران کی تاریخ بے وفائی اور موقع پرستی سے عبارت ہے۔ان کو جب بھی موقع ملا ہے کہ انہوںنے اپنے محسنوں کے پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے ۔پہلے انہوںنے میاںنواز شریف سے بے وفائی کی اور ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی کنگ پارٹی کے سربراہ بن گئے ۔چوہدری پرویز الہی وہ وقت یاد کریں جب وہ مشرف کو 10مرتبہ وردی میں صدر منتخب کرانے کی بات کرتے تھے اور جب وہ پرویز مشرف کو اقتدار سے باہر نکالا گیا تو یہ مشرف کا نام لینا تک بھول گئے ۔

چوہدری برادران چڑھتے سورج کے پجاری ہیں ۔ان کی کوشش تھی کہ میاں نوازشریف ان کو ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) میں قبول کرلیں ۔اپنی کوششوں میں ناکامی کے بعد انہوںنے میاں نواز شریف کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی سیاست کا ایک ایسا نمونہ عبرت ہیں جنہوں نے سیاست کو مال بنانے کا ذریعہ بنایا ،ان کی کرپشن کی داستانیں پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہی- انہوں نے نہ صرف پنجاب بنک میں 10ارب روپے کا ڈاکہ ڈالابلکہ پنجاب کی معیشت کا بیڑہ غرق کئے رکھا-چوہدری پرویزالہی سرکاری وسائل سے ڈیرہ داری کا شوق پورا کرتے رہے اور انہوں نے اپنا سارا زور عوام کی خدمت کی بجائے ایک ڈکٹیٹر کی آمریت کو مضبوط بنانے پر لگائے رکھا-چوہدری پرویز الہی کا اصل خوف یہ ہے کہ نون لیگ کی پالیسیوں اور وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ویژن نے ان کا کھیل ہمیشہ کے لئے ختم کردیا ہے اور اب انہیں عوام موری ممبر بھی منتخب نہیں کریں گی- اب نا تو ان کے سر پر ہاتھ رکھنے کے لئے کوئی آمرموجود ہے اور نہ ہی عوام ان کے جھانسے میں آئیں گی-میں چوہدری صاحب کو یہ نصیحت کروں گا کہ وہ چاند پر تھوکنے کی بجائے ماضی کی منفی سیاست اور آمریت کا ساتھ دینے پر توبہ استغفار کریں اور عوام سے معافی مانگیں۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان اور پیپلزپارٹی کی طرح چوہدری برادران نے بھی پاناما کیس سے امیدیں وابستہ کرلی ہیں ۔خواب دیکھنے پر کسی کے پابندی نہیں ہے لیکن چوہدری برادران کو پاناما کیس سے کچھ نہیں ملے گا اور شریف خاندان عدالتوں سے ایک مرتبہ پھر سرخرو ہو کر نکلے گا اور چوہدری برادران کے ’’نت ہاؤس‘‘میں صف ماتم بچھنے والی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مخالفین تھوڑا صبر کریں اور عدالت کے فیصلے کا انتظار کریں ۔جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا اور ان کو منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔عمران خان کے بعد اب جہانگیر ترین کی تلاشی بھی شروع ہوگئی ہے ۔احتساب کے دعویداروں کا کچھا چٹھا جلد عوام کے سامنے آجائے گا ۔عمران خان ،جہانگیر ترین اور علیم خان جیل کی سلاخوں کی پیچھے ہوں گے ۔مسلم لیگی رہنماؤںنے کہا کہ میاں نواز شریف کو عوام کی خدمت میں کمر بستہ ہیں ۔دنیا انہیں ایک عالمی رہنما طور پر تسلیم کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج جب اپوزیشن نے ملک میں سرکس لگایا ہوا ہے اس وقت وزیراعظم میاں نواز شریف مالدیپ کی آزادی کے تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شریک ہیں ۔

متعلقہ عنوان :