نا مور ریاضی دان پروفیسر ڈاکٹرجاوید احسن کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا

انٹرنیشنل پیور میتھ میٹکس کانفرنس ملک کا واحد فورم ہے جہاں سالانہ بنیادوں پر ملکی و غیر ملکی ریاضی دان جمع ہوتے ،کانفرنس 2000ء سے مسلسل اپنے اجلاس کرر ہی ہے،ائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق

پیر 7 اگست 2017 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اگست2017ء) اٹھارویں انٹرنیشنل پیور میتھ میٹکس کانفرنس منعقدہ 2017ء کے آخری سیشن میںنامور ریاضی دان پروفیسر ڈاکٹرجاوید احسن کو گولڈ میڈل عطا کیاگیا۔ یہ سہ روزہ کانفرنس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ، ہائر ایجو کیشن کمیشن پاکستان، پاکستان میتھ میٹیکل سوسائٹی، ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف میتھ میٹیکل سائنسز اور الجبرا فورم نے مشترکہ طور پر منعقد کی تھی۔

کانفرنس میں 110شرکاء،55مقررین،9اہم سائنس دانوں اور 4غیر ملکی ریاضی دانوں نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی، چیئر مین وائس چانسلر کمیٹی و ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباداختتامی سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق ،وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پوراس کانفرنس کے بانی کنوینیر ہیں جنہوں نے اختتامی سیشن میں اپنے خطاب کے دوران میں بتایا کہ یہ کانفرنس ملک کا واحد فورم ہے جہاں سالانہ بنیادوں پر ملکی و غیر ملکی ریاضی دان جمع ہوتے اور اپنی اپنی تحقیقات سے ایک دوسرے کو آگاہی فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس 2000ء سے مسلسل اپنے اجلاس کرر ہی ہے۔ گزشتہ سترہ برسوں میں 36ملکوں کے 117غیر ملکی ریاضی دان اور 782پاکستانی مقررین نے اس کانفرنس میں شرکت کی اوراپنے مقالات پڑھے۔ 2017ء کے لیے پروفیسر ڈاکٹرجاوید احسن کو ان کی اعلیٰ خدمات اور ریاضی کے مضمون میں قابل توجہ ریسرچ کرنے پر گولڈ میڈل جب کہ دیگر مقررین اور شرکاء کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق اور پروفیسر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے پاکستان میتھ میٹیکل سوسائٹی کی طرف سے تقریب کے دوران میں ریاضی دان کو گولڈ میڈل پیش کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید احسن نے امریکہ کا فل برائیٹ سکالر شپ حاصل کیا اور یونیورسٹی آف ڈنڈی یو کے سے 1972میں پی ایچ ڈی ڈگری مکمل کی ۔ وہ آئی سی ٹی پی ٹرسٹی اٹلی کے سینئر ایسوسی ایٹ رہے اور بہت سے ملکی اور بین الاقوامی اعزازات اور ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے تمام شرکاء اور مقررین بطورِ خاص غیر ملکی وفود کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا، کانفرنس میں شرکت کی اور ہمیں اپنے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ساتھ کانفرنس کے انتظامات میں معاونت کرنے والے دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :