تحریک انصاف نے این اے 120 کی انتخابی مہم کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پراعتراض اٹھا دیا

تحریک انصاف کو نوٹی فکیشن کے پیرا نمبر 5 اور 6 پر اعتراض ہے ،ْتحریک انصا ف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

جمعہ 11 اگست 2017 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) تحریک انصاف نے این اے 120 کی انتخابی مہم کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پراعتراض اٹھا دیا۔ جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چیف الیکشن کمشنرکو خط لکھا ہے جس میں این اے 120 کی انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق پراعتراض اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے یکم اگست کو جاری نوٹیفکیشن میں اراکین اسمبلی کے حلقے کے دورے پر پابندی عائد کی تھی اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے خط میں لکھا کہ تحریک انصاف کو نوٹی فکیشن کے پیرا نمبر 5 اور 6 پر اعتراض ہے، الیکشن کمیشن کا مطمع نظر امیدوار کیلئے خصوصی فوائد کا راستہ روکنا ہے ،ْ حزب اختلاف کے رکن کے پاس نا تو وسائل ہیں اور نہ حکومتی اختیار و اسباب ،ْ حلقہ انتخاب کی ترقی کیلئے وسائل پر بھی کوئی اختیار نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی اراکین وسائل و اسباب تک رسائی رکھتے ہیں، حکومتی وسائل بالواسطہ یا بلاواسطہ (ن) لیگی امیدوار کے زیر اثر ہوں گے ،ْ الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن پر ہمارا اعتراض معقول اور بالکل جائز ہے ، اس لیے الیکشن کمیشن نوٹی فکیشن سے ‘‘اراکین قومی اسمبلی ،ْصوبائی اسمبلی’’ جیسے الفاظ حذف کرے۔