جی سی یو نیورسٹی میں جشنِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب

پیر 14 اگست 2017 14:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں جشنِ آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں ملک میں امن اور ترقی کے لیئے خصوصی دعائیں کی گئی۔جی سی یو کی نذیر احمد میوزک سوسائٹی نے ملی نغمے پیش کیئے ۔پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیئے مسلسل محنت اور جدوجہدکی ضرورت ہے ،بد قسمتی سی70سال میں بھی قومی ادارے مضبوط نہیں ہو سکے۔

ہم آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہیں لیکن معاشی طور پر ہم بہت پیچھے ہیں ۔وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ درسگاہیں قومی شعور،ملکی یکجہتی اور جذبہ اخوت کے فروغ میں مرکزی کرداراداکرتی ہیں،لہذاانہیں مزید مستحکم تعلیمی بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اساتذہ کو تلقین کی کہ ان پر طلبائ کی تربیت کی اہم ذمہ داری ہے جسے وہ احسن طریقے سے نبھائیں اور اپنے فرائض ایمانداری اور محنت سے سر انجام دیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ اقوام عالم میں کچھ دن غیر معمولی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں،زندہ قومیں اپنے قومی دن انتہائی جوش وخروش سے مناتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 14اگست کا دن ہم سب سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم آزادی جیسی نعمت کی قدر کریں اور اقوامِ عالم میں اپنے پیارے وطن کی سر بلندی اور وقار کے لیئے کوشاں رہیں۔