لیاقت بلوچ سے منصورہ میں جماعت اسلامی کشمیر اور سندھ کے وفود کی ملاقات

بدھ 16 اگست 2017 22:08

لاوہر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مرکز منصورہ میں جماعت اسلامی کشمیر اور سندھ کے وفودسے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہے کہاکہ سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین میاں رضا ربانی جمہوری ، پارلیمانی ، سیاسی ، آئین اور قانون کی بالادستی کا ذہن رکھتے ہیں ۔

مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان قومی ڈائیلاگ ضروری ہے ۔ اب اہم قومی ستون میڈیا کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لیکن اس قومی خواہش کے راستہ میںانا ، بالادستی کا ذوق شوق ، بادشاہت ذہنیت کے کانٹے پڑے ہوئے ہیں ۔ پارلیمانی نمائندہ جماعتیں اس رکاوٹ کو دور کرائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی حیدر آباد کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ترقیاتی پیکیج اچھاہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کراچی کے شہریوں کو Kالیکٹرک کے ظلم سے بھی نجات دلائیں ۔ ترقیاتی پیکیج وفاق ، سندھ اور بلدیاتی اداروں کے درمیان تنازعات کا باعث نہ بنایا جائے ۔ کراچی حیدر آباد کے عوام کو ریلیف ملناچاہیے ۔ وزیراعظم تینوں سٹیک ہولڈرز میں اشتراک عمل کا روڈ میپ دیں ۔ لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ۔ بھارتی دعویٰ جھوٹا اور فریب پر مبنی ہے ۔ ریاست جموں و کشمیر متنازع ہے مسئلہ کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے ۔عالمی امن خصوصاً خطہ کے امن کے لیے عالمی ادارے جانبداری اور بے حسی چھوڑیں اور مسئلہ کشمیر حل کرائیں، جماعت اسلامی آزادی کشمیر کی جدوجہد کی پشتی بان ہے۔