اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہے، کسی ادارے کی کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں،وزیراعظم

ہمارا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہے، جو ریفرنس دائر کرتے ہیں یہ ان کا کام ہے،جو بھی ریفرنس دائر کئے جائیں گے ان کا جواب دیں گے، سیاست میں بات چیت جاری رہنی چاہیے، سیاسی بیانات آتے رہتے ہیں، 2013 کی نسبت آج صوبے میں حالات بہتر ہیں، بلوچستان میں نواز شریف کی طرف سے اعلان کردہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 اگست 2017 18:20

اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہے، کسی ادارے کی کسی کے ساتھ محاذ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہے، کسی ادارے کی کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں ہے، ہمارا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہے، جو ریفرنس دائر کرتے ہیں یہ ان کا کام ہے ریفرنس دائر کریں جو بھی ریفرنس دائر کئے جائیں گے ان کا جواب دیں گے، سیاست میں بات چیت جاری رہنی چاہیے، سیاسی بیانات آتے رہتے ہیں، 2013 کی نسبت آج صوبے میں حالات بہتر ہیں، بلوچستان میں نواز شریف کی طرف سے اعلان کردہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا ہے،2013 کی نسبت آج صوبے میں حالات بہتر ہیں، صوبے میں امن و امان کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کئے گئے، بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نواز شریف کی طرف سے اعلان کردہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے، ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں گیس کا منصوبہ لگایا جائے گا، صوبے میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہو گا، وزیراعظم نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ ہماری حکومت نے مکمل کیا کچھی کینال کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا، گوادر کے حوالے سے سی پیک منصوبوں پر تفصیلی غور ہوا، ہیلتھ کارڈ سکیم کو پورے بلوچستان تک پھیلایا جائے گا، بی آئی ایس پی کو بھی پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی، ہمارا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو ریفرنس دائر کرتے ہیں یہ ان کا کام ہے کہ ریفرنس دائر کریں، جو بھی ریفرنس دائر کئے جائیں گے ان کا جواب دیں گے، سیاست میں بات چیت رہنی چاہیے، سیاسی بیانات آتے رہتے ہیں، فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنا دفاع کرنا ہر شخص اور ادارے کا حق ہوتا ہے، کسی ادارے کی کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی آئی میں تین سیٹیں وفاقی حکومت ریفر کرتی ہے، سی سی آئی کا ہر مسئلہ وزارت خزانہ میں اٹھایا جاتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگلے سال میں الیکشن ہوں گے اور عوام فیصلہ کریں گے۔