اوپن یونیورسٹی نے کم آمدنی والے طلبہ کے لئے فیس انسٹالمنٹ اسکیم متعارف کرادی

سہولت سے مستفید ہونے کے لئے مستحق طلبہ کو یونیورسٹی کے نزدیک ترین علاقائی دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت

پیر 21 اگست 2017 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قیام ملک سے ناخواندگی کے خاتمے اور کم آمدنی والے طبقات تک تعلیم و تربیت کی اعلیٰ سطحی سہولتیں ان کی رہائش گاہوں کے قریب فراہم کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔ یونیورسٹی کم وسائل رکھنے والے شہریوں کے بچوں کو داخلہ فیس کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرتی ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی نے فیس انسٹالمنٹ اسکیم متعارف کرادی ہے ،ْ اس اسکیم سے وہ طلبہ و طالبات جو یکمشت کسی سمسٹر کی فیس ادا نہیں کرسکتے ،ْ ان کی سہولت کے لیے آسان اقساط میں فیس وصولی کی اسکیم جاری کی گئی ہی"ان خیالات کا اظہاراوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے سمسٹر خزاں 2017ء کے داخلوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مالی معاونت اسکیم کے تحت یونیورسٹی کم آمدنی رکھنے والے طلبہ و طالبات اور مستحق طلبہ کو ان کے پروگرام کی ٹیوشن فیس میں تین سمسٹر تک یا پورے تعلیمی پروگرام میں پچاس فیصد تک رعایت بھی فراہم کرتی ہے۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ قدرتی آفات)زلزلہ ،ْ سیلاب وغیرہ(سے متاثرہ علاقوں میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی مالی معاونت کے لئے سکالرشپ فار کمیونٹیز کے نام سے بھی ایک سکیم متعارف کی گئی ہے ،ْ جس کے تحت متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو ادا شدہ ٹیوشن فیس کا پچاس فیصد سے لے کر صد فیصد تک بطور سکالر شپ فراہم کیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ ،ْ سید ضیاء الحسنین نے ان اسکیموں سے مستفید ہونے کے لئے ملک بھر میں موجود مستحق طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے نزدیک ترین علاقائی دفاتر سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سمسٹرخزاں 2017ء کے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک کے مختلف پروگرامز کے داخلہ فارم اورپراسپکٹس کی فراہمی کے لئے یونیورسٹی کے مین کیمپس ،ْ ملک بھر میں موجود تمام علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر میں سیل پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں اور علاقائی دفاتر میں داخلوں کے بارے میں طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لئے خصوصی ونڈوز بھی قائم کردی گئی ہیں۔داخلہ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 5۔ستمبر مقرر ہے۔