ڈیرہ غازی خان ،ْ انڈس یونیورسٹی کے طلباء ڈگریاں نہ ملنے پر یونیورسٹی انتظامیہ اور ایچ ای سی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے پل ڈہاٹ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا ،ْ یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی

پیر 21 اگست 2017 13:59

ڈیرہ غازیخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) ڈیرہ غازی خان میں انڈس یونیورسٹی کے طلباء ڈگریاں نہ ملنے پر یونیورسٹی انتظامیہ اور ایچ ای سی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ،ْطلباء نے احتجاج کرتے ہوئے پل ڈہاٹ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا، یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی انڈس یونیورسٹی کے طلباء نے ایچ ای سی سے الحاق نہ ہونے اور ڈگریاں نہ ملنے کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاج میں تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے حصہ لیا جبکہ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے پل ڈہاٹ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر یونیورسٹی کے مالک وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبد الکریم کے خلاف ڈگری دو یا ہتھیار دو کے شدید نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

طلباء کا کہنا تھا کہ 2011 میں یونیورسٹی کا افتتاح ہوا تاہم تاحال نہ تو الحاق ہو سکا اور نہ 2100 سے زائد طلباء کو ڈگریاں دی گئی جس کے باعث طلباء کا مستقبل دائو پر لگ گیا ہے۔

طلباء نے الزام عائد کیا کہ کچھ طلباء کو جعلی ڈگریاں بھی دی گئی ہیں ،ْ طلباء نے پل ڈہاٹ پر ہی دھرنا دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر ڈگڑیاں نہ دی تو وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے احتجاجی طلباء نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :