میئر کراچی کی شہر میں بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت

بلدیاتی ادارے متعلقہ عملے کو تمام مشینری سمیت فعال حالت میں رکھیں اور بارش ہونے کی صورت میںبرساتی پانی کی نکاسی کا عمل فوری شروع کیا جائے،وسیم اختر

پیر 21 اگست 2017 19:32

میئر کراچی کی شہر میں بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ افسران و عملے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے آئندہ دو روز کے دوران شہر میں بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے متعلقہ عملے کو تمام مشینری سمیت فعال حالت میں رکھیں اور بارش ہونے کی صورت میںبرساتی پانی کی نکاسی کا عمل فوری شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی شکایت کے لئے رین ایمرجنسی سینٹر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے نمبرز 0335-7553976،0332-2685090 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے جہاں متعلقہ عملہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے دستیاب ہے،اس کے علاوہ شہری اپنی شکایات1339پر بھی درج کراسکتے ہیں، پیر کی سہ پہر ہونے والی بارش کے بعد میئر کراچی نے بارشوں کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی حالیہ بارشوں کے تجربے کے پیش نظر ضلعی بلدیات کے اشتراک و تعاون سے ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کی بدولت برسات کے موسم میں شہری پریشانی کا شکار ہوئے بغیر اس موسم سے محظوظ ہوسکیں، انہوں نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری رکھا جائے اور جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں ان پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تمام انڈرپاسز میں نکاسی آب کا نظام بلارکاوٹ جاری رہنا چاہئے اور جہاں جہاں شکایات موصول ہوں وہاں فوری طور پر عملہ اور مشینری بھجوا کر انڈرپاسز کی اندرونی نکاسی آب کی لائنوں کو کلیئر کرایا جائے، انہوں نے کہاکہ مزید بارشوں کی صورت میں ان علاقوں پر ترجیحی توجہ دی جائے جہاں ماضی میں برساتی پانی جمع رہنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پائی جانے والی صورتحال کے پیش نظر ایسے اقدامات کرے گا جن سے فراہمی و نکاسی آ ب کی لائنوں سے رسائو اور سیوریج لائنوں کے چوک ہونے کی وجہ سے اوور فلو روکا جاسکے کیونکہ برساتی پانی سے زیادہ سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے جراثیم اور بیماریاں پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے ، میئر کراچی نے کہا کہ اگرچہ شہر کے بڑے برساتی نالے ماضی میں مقابلے میں بہتر حالت میں ہیں اور ان میں پانی کا بہائو بہتر ہوا ہے جس کی وجہ ان نالوں کی حالیہ صفائی کے لئے کئے جانے والے اقدامات ہیں تاہم شہریوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ برساتی نالو ںمیں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور ان کے اوپر قائم کی گئیں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کردیں ، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر اور تمام دیگر متعلقہ محکمے چوکس حالت میں رہیں اور شہر کے کسی بھی علاقے سے ملنے والی شکایات پر فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی بارشوں کے دوران شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں میں جائیں گے اور جہاں جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں عملے اور مشینری کو فوری طور پر لگا کر برساتی پانی کی فوری نکاسی ممکن بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :