بلوچستان کو ہر صورت معاشی وآئینی حقوق دینے ہوں گے، بلوچستان ترقی کریگا تو پاکستان ترقی کرسکتاہے

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا سیمینار سے خطاب

پیر 21 اگست 2017 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام قومی کانفرنس بیاد آغاتاج محمد مرحوم منعقد ہوئی قومی کانفرنس کی صدار ت جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق نے کی کانفرنس میں جماعت اسلامی ،پشتونخواہ میپ ،جے یوآئی ف،نیشنل پارٹی ، ،عوامی نیشنل پارٹی ،جے یو آئی ن ،بی این پی،ایچ ڈی پی ،زمیندار ایکشن کمیٹی ،جمعیت اتحاد العلماء ،کسان بورڈکے رہنمائوں سمیت قبائلی سیاسی عمائدین ومعززین شہراورآغاتاج محمد کے بھائیوں صاحبزادوں ورشتہ داروں نے کثیرتعدادمیںشرکت کی ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سنیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغاتاج محمد اپنی ذات میں انجمن خدائی خدمتگار ،صوبے کے ہر دکھ دردمیں شریک اور جماعت اسلامی کے بانی ارکان میں سے تھے انہوں نے چالیس سال علاقے کی ترقی وخوشحالی سمیت زمینداروں کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے بلاتفریق رنگ ونسل دن رات محنت کی ان کی رحلت سے زمیندار وکسان ایک اچھے قائد سے محروم ہوگئے سی پیک کے ثمرات سے ایک صوبے کو مستفید کرنا ،غربت وبے روزگاری سے متاثرہ بلوچستان کو عظیم منصوبے کے ثمرات سے محروم کرنادانشمندی نہیں بلوچستان کو ہر صورت معاشی وآئینی حقوق دینے ہوں گے بلوچستان ترقی کریگا تو پاکستان ترقی کرسکتاہے جماعت اسلامی نے بلوچستان کے معاشی زرعی مسائل کے حل کیلئے بھر پور جدوجہد کی سینٹ وقومی اسمبلی ہر فورم پر جماعت اسلامی نے بھر پور آوازبلند کی ۔

(جاری ہے)

قومی کانفرنس سے سابق گورنربلوچستان وجے یو آئی کے رہنما سید فضل آغا،صوبائی وزیر وپشتونخواہ میپ کے رہنما سردارمصطفیٰ خان ترین،نیشنل پارٹی کے رہنما سنیٹر کبیر محمد شہی ،جے یو آئی ن کے رہنما مولانا عبدالقادر لونی ،زمیندار ایکشن کمیٹی کے ملک نصیر شاہوانی ،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ،جماعت اسلامی کے مولانا عبدالکبیر شاکر ،بی این پی کے رہنما سابق ایم این اے روف مینگل ،جے یو آئی کے رہنما مولانا کمال الدین ،ایچ ڈی پی کے رضاوکیل ،زمیندارایکشن کمیٹی کے حاجی عبدالرحمان بازئی ،کسان بورڈ کے صوبائی صدرمیر غلام رسول محمد شہی ،حاجی عبدالعزیز شاہوانی ودیگر قبائلی عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں وکسانو ں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے صوبے کی سیاسی قومی پرست مذہبی قوتیں ملکر یکجہتی کیساتھ کام کریں بلوچستان کی زراعت حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے تباہ ہوگئی ہے سید تاج محمد آغاکی خدمات تمام علاقوں وقوموں کیلئے تھی ان کی خدمات تادم زیست یادرکھا جائیگا ۔

بلوچستان کے زمیندار وکسان بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ ،زیر زمین پانی کی سطح کاگرنا یہاں کے عوام کے دیرینہ مسائل ہیں جس کی وجہ سے ہماری زراعت ومعیشت تباہ ہوگئی ہے یہاں کے عوام ایک ہزار فٹ نیچے سے پانی نکالتے ہیں عوام پینے کا پانی دور دور سے مٹکوں پرلانے پر مجبور ہیں عوام کیلئے پینے کا پانی میسر نہیں ۔سی پی منصوبہ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ملنا چاہیے مغربی روٹ پر کام کا شروع نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے بدقسمتی سے مرکزی حکومت سی پیک کے ثمرات سے بلوچستان کو محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے جو لمحہ فکریہ اور قومی یکجہتی کے خلاف ہے اہل بلوچستا ن سی پیک کے خلاف نہیں بلوچستان کو بائی پاس بھی نہیں ہونے دیں گے وسائل منصفانہ طریقے سے تقسیم کئے جائیں بلوچستان کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق نہ دینایہاں کے عوام کیساتھ زیادتی وناانصافی ہے ۔

اس ناانصافی وزیادتی کے خلاف سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا جماعت اسلامی نے ہمیشہ قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کی ۔ بلوچستا ن کو صرف مفادات کیلئے استعمال کرنا قومی یکجہتی کے خلاف اورقو م کو منتشر کرنے کا راستہ ہے ۔بلوچستان کو دیگر علاقوں کے برخلاف ترقی وخوشحالی کے کم سے کم مواقع دینا یہاں کے عوام کیساتھ زیادتی ہے جس کے خلاف قوم کو متحد ہونا ہوگا ۔