ماروی میمن نے برطانوی سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈحاصل کرلیا

ہائوس آف کامنز کے سپیکر جان بر کائو نے ماروی میمن کو لندن میں سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ سے نوازا پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد کا حصہ بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، ماروی میمن

بدھ 6 ستمبر 2017 23:30

ماروی میمن نے برطانوی سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈحاصل کرلیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن کو آج لندن میں ہائوس آف کامنز کے سپیکر جان برکائو نے سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ سے نوازا۔ محتر ماروی میمن کو Rt Hon Alex Salmond MP نے اس عظیم ایوارڈ کیلئے نامزد کیا اور پوری دنیا کی بہترین نامزد شخصیات کیساتھ ایک مشکل مقابلے میں انہوں نے یہ ایوارڈ جیتا۔

سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ ایک بین الاقوامی ایوارڈ ہے جو ایک ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو اپنی قیادت اور ذاتی ہمت و حوصلے کے ذریعے جمہوری معاشرے کی ترقی میں بہترین کردار ادا کرے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے سپیکر جان برکائو نے سپیکرز ہائوس میں ماروی میمن کا استقبال کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوشی کا موقع ہے جس میں ایک ایسی شخصیت کو نوازا جارہا ہے جس نے بہتر جمہوری اور اعلی شہریت کے نظام کو فروغ دیتے ہوئے جمہوری اقدار میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کیلئے ہمیں دنیا کی معروف شخصیات کی نامزدگیاں موصول ہوئیں اور ہم نے سب سے زیادہ قابل اور مستحق ماروی میمن کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا کیونکہ ماروی میمن غیر معمولی نتائج فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں صنفی مساوات ، غربت میں کمی ،بچوں کی خوراک اور جمہوری مفادات کی اہمیت اجاگر کرنے پرماروی میمن کی تعریف کی۔

انہوں نے عوام کو اپنے اوپر ترجیح دیتے ہوئے انکی خدمت کیلئے پُرعزم رہنے پر ماروی میمن کی تعریف کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ جمہوریت ہماری ثقافت اور ہماری روایت ہے۔ ہمارے بانی پاکستان محمد علی جناح نے ہمیںجمہوری اصولوںکے ذریعے آزادی دلائی۔ پاکستان نے حقیقی معنوں میں ایک پائیدار جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد کیلئے ایک طویل راستہ طے کیا ہے اور یہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس جدوجہد کا حصہ بنی اورخاص طور پر پاکستان کی غریب خواتین کو بااختیار بنانے میں کردار ادا کیا۔

محترمہ ماروی میمن نے عزت مآب سپیکر ہائوس آف کامنز اور ججنگ پینل کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ اپنے ملک پاکستان، اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن، اپنے قائد نواز شریف، اپنے خاندان، بی آئی ایس پی تخلیق کرنے والوں اور سب سے زیادہ اہم پاکستان کے غریب گھرانوں اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے نام کرتی ہوں۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو جب اس ایوارڈ کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے لندن سے ماروی میمن کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کو ماروی میمن پر فخر ہے۔اپنے مبارکباد کے پیغام میں، سپیکر قومی اسمبلی پاکستان سردار ایاز صادق نے یہ عظیم ایوارڈ حاصل کرنے پر ماروی میمن کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ماروی میمن اس ایوارڈ کی اصل حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے بی آئی ایس پی کیلئے اپنی لگن اور غیر متوقع کوششوں سے سماجی تبدیلی اور خواتین کی بااختیاری کو ممکن بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ نہ صرف ماروی میمن بلکہ پاکستان قومی اسمبلی کیلئے بڑے فخر کی بات ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس عظیم کامیابی پر ماروی میمن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف انکی انفرادی خدمات کا اعتراف ہی نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جمہوریت کے لئے جدوجہد کا بھی اعتراف ہے۔ افتتاحی ایوارڈ حاصل کرنے پر یہ لمحہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :