اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2017ء کے داخلوں کی آخری تاریخ میں 28 ستمبر تک توسیع

جمعرات 7 ستمبر 2017 17:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2017ء کے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے کسی بھی پروگرام میں داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کو داخلہ فارم جمع کرانے کیلئے 28 ستمبر تک اجازت دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عید سے قبل ملک بھر میں یونیورسٹی کے تحصیل سطح پر قائم کردہ 1505 پراسپیکٹس سیل پوائنٹس سے ہزاروں کی تعداد میںداخلہ فارم اور پراسپکٹس خریدے جا چکے تھے لیکن عیدالاضحی کی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے داخلوں کے خواہشمند امیدوار اپنا داخلہ فارم جمع نہیں کرا سکے تھے ، ان کو داخلہ فارم جمع کرانے کیلئے مناسب وقت دینے کی اشد ضرورت تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ایسے تمام افراد کو بغیر کسی اضافی چاجز کے داخلہ فارم جمع کرانے کیلئے 28 ستمبر تک مہلت کی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر سیّد ضیاء الحسنین کے مطابق ملک کے ہر کونے میں داخلہ فارم کی دستیابی کی سہولت فراہم کرنے کے نتیجہ میں رواں سمسٹر میں اب تک داخلہ فارم حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد گذشتہ سمسٹر کی نسبت بہت زیادہ ہے اور پراسپکٹس سیل پوائنٹس پر داخلہ فارم خریدنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں طلباء کی غیر معمولی دلچسپی قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لرننگ نظام میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال اور سٹوڈنٹ سپورٹ نظام میں مزید بہتری لانے کے نتیجہ میں طلباء کا یونیورسٹی پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ داخلوں کے بارے میں طلباء و طالبات کی رہنمائی کیلئے یونیورسٹی کے 44 علاقائی دفاتر میں ’’خصوصی کائونٹرز‘‘ قائم کر دیئے گئے ہیں۔