صحافیوں اور اخبارات سے متعلق پروفیشنلز کو روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار کے مشاہدہ کے لئے میانمار کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے

پریس کونسل آف پاکستان کے اجلاس میں میں قرارداد متفقہ طور پر منظور

پیر 11 ستمبر 2017 21:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) پریس کونسل آف پاکستان (پی سی پی) نے صحافیوں اور پریس سے متعلق پروفیشنلز کو روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار کے مشاہدہ کے لئے میانمار کا دورہ کرنے کی اجازت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس ضمن میں میانمار کے دورہ کے لئے صحافیوں کو ویزا کی فراہمی کے لئے متعلقہ حکام سے رجوع کرے۔

پی سی پی کا 15 واں عمومی اجلاس پیر کو پی سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی کہ صحافیوں اور اخبارات سے متعلق پروفیشنلز کو روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار کے مشاہدہ کے لئے میانمار کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ روہنگیا کے مسلمانوں کو کسی جواز کے بغیر وحشیانہ طور پر قتل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ تمام مسلم ممالک کا فرض ہے کہ وہ اس پہلو پر غور کریں اور تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ فوری اقدام اور متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لئے اسلام آباد میں تمام ممالک کے سفارت خانوں کو پریس کونسل آف پاکستان کے اس پیغام کو اپنے سربراہان مملکت تک پہنچانا چاہئے۔ پریس کونسل آف پاکستان نے مزید تجویز کیا کہ حکومت پاکستان اس ضمن میں میانمار کے دورہ کے لئے صحافیوں کو ویزا فراہم کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رجوع کرے۔

متعلقہ عنوان :