ایچ ای سی کے قوائد و ضوابط کے تحت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار اور شفافیت برقرار رکھی جائے، ڈاکٹر ادریس

بدھ 13 ستمبر 2017 11:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی الحاق کمیٹی کا 30 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں الحاق کمیٹی کے اراکین جن میں ڈاکٹر محمد ندیم ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل اینڈ کامرس ایجوکیشن خیبر پختونخوا، محمد روز خان ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز خیبر پختونخوا پشاور، کرنل (ر) سلیم رضا رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ ڈین آرٹس، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین ڈین سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد عباسی چیئرمین ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ، لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) محمود خان ڈائریکٹر اکیڈیمکس اینڈ ریسرچ، ڈاکٹر مسرور بنگش اسسٹنٹ پروفیسر کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، محبت خان کنٹرولر امتحانات اور قاسم شہزاد اسسٹنٹ رجسٹرار اکیڈیمکس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

الحاق کمیٹی کے اجلاس میں ضلع مانسہرہ، بٹگرام اور کوہستان کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مختلف تعلیمی پروگراموں کیلئے سفارشات مرتب کی گئیں۔ وائس چانسلر نے الحاق کمیٹی کے اراکین سے کہا ہماری ترجیح ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قوائد و ضوابط کے تحت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار اور شفافیت برقرار رکھی جائے۔ یونیورسٹی کے سمسٹر رولز اور دیگر قوانین پر جامع انداز میں عملدرآمد سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے کہ وہ یونیورسٹی کے اندر اور یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابطہ پر عمل کر کے ہی اعلیٰ تعلیم کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ الحاق کمیٹی کے اجلاس کے دوران جن کالجز میں بی ایس تعلیمی پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی ان میں گورنمنٹ ڈگری کالج بالاکوٹ کیلئے فزکس، زولوجی، اردو، اسلامک سٹڈیز، گورنمنٹ ڈگری کالج اوگی کیلئے بی ایس اردو اور اسلامک سٹڈیز، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مانسہرہ کیلئے کیمسٹری، انگلش، پولیٹیکل سائنس، اردو، گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر1 مانسہرہ کیلئے بی ایس پولیٹیکل سائنس اور اردو جبکہ گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز مانسہرہ کیلئے بی ایس (کامرس) شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وائس چانسلر سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں اور سمسٹر رولز کے متعلق مختلف امور زیر بحث لائے۔

متعلقہ عنوان :