اٹک، سی ای او ایجوکیشن نے غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کی سفارش کر دی

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:52

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) ضلعی جائزہ کمیٹی اٹک کا اجلاس برائے تعلیم ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات کی زیر صدارت ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ سی ای او ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم ،ڈی ایم او سید نذارت علی شاہ، ضلع بھر کے ڈی اوز اور ڈپٹی ڈی اوز بھی اجلاس میں موجود تھے۔ جائزہ کمیٹی میں اساتذہ کی حاضری کا جائزہ لیا گیا اورغیرحاضر اساتذہ کی خلاف کاروائی کی سفارش کی گئی۔

ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قائم تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان اداروں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں پرائمری انرولمنٹ اور سیکنڈری انرولمنٹ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے تعلیم کے میدان میں کیے جانے والے اقدامات سے پڑھا لکھا پنجاب کا خواب انشاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکولوںمیں زیر تعلیم طلبہ کی تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ وہ حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے انسا ن بھی ثابت ہوسکیں۔ انہوںنے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سکولوںمیں ناکافی سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت بھرپور توجہ دے رہی اور ان سکولوںمیں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ تعلیم کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوںنے ہدایت کی کہ سکول میں اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے تاکہ طلبا و طالبات کو تعلیم کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔