اوپن یونیورسٹی اور روپانی فائونڈیشن کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 17 مئی 2024 17:07

اوپن یونیورسٹی اور روپانی فائونڈیشن کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روپانی فائونڈیشن کے مابین ارلی چائلڈہوڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ایکسی لینس سینٹر کی عمارت کے قیام کے حوالے سے گذشتہ روز یادداشت پرد ستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، روپانی فائونڈیشن جلال الدین نے یادداشت پر دستخط کئے۔

تقریب کی صدارت قائمقام وائس چانسلر و کلیہ سماجی علوم کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے روپانی فائونڈیشن اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان تعلیم کی مد میں دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج دونوں اداروں کے درمیان ارلی چائیلڈ ہوڈ ایکسی لینس سینٹر کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو رہے ہیں جو بہت جلد اس سینٹر کے قیام کی صورت میں ہم دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینٹر کا قیام کسی کارخیر سے کم نہیں ہوگا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر روپانی فائونڈیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارلی چائلڈہوڈ ایکسی لینس سینٹر کا قیام خطے کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سینٹر کے قیام سے بچوں کی پرورش کے بارے میں پروگرامز،آئوٹ آف سکول چلڈرن اور والدین کی رہنمائی میں موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تقریب سے ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمان نے شعبہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کی جانب سے پیش کئے جانے والے بی ایس، پوسٹ گریجویٹ اور سرٹیفکیٹ کورسز کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔چیئرمین ا رلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اطہر حسین نے ایکسی لینس سینٹرکے حوالے سے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے پرنسپل افسران نے بھی شرکت کی۔