پنجاب کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر 18سے 31مئی تک تعلیمی اداروں کے اوقات کار بھی تبدیل پیر سے جمعرات تک اوقات صبح 7بجے سے ساڑھے 11بجے تک ،جمعہ کو چھٹی ساڑھے 10بجے ہوگی

جمعہ 17 مئی 2024 19:55

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔محکمہ ایجوکیشن سکول نے موسم گرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری سکولز میں یکم جون سے چھٹیاں ہوں گی، 14اگست تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔

موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 15اگست سے سکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافہ اور ہیٹ ویوو کے خدشے کے پیش نظر پنجاب میں تعلیمی اداروں کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک سکولوں کا آغاز صبح 7بجے ہوگا جبکہ چھٹی ساڑھے 11بجے ہوگی، جمعہ والے دن اسکولوں کے اوقات کار صبح 7سے ساڑھے 10بجے تک ہوں گے ۔نوٹیفیکیشن کا اطلاق 18مئی سے 31مئی تک کے لئے ہوگا۔محکمہ تعلیم کے مطابق تمام اسکولوں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی،اسکول میں لگے تمام پنکھے کام کررہے ہوں۔محکمہ تعلیم کاکہنا ہے کہ اسکولوں میں واٹر کولرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے، گرمی کے وقت کوئی طالبعلم کھلے مقام یا لان میں موجود نہ ہو۔