بلدیہ کے فوڈ ڈپارٹمنٹ اورپولیس کی بھاری نفری نے پریٹ آباد میں کارروائیاں کرکے مین پوری اورگٹکا تیار کرنے والے تین بڑے کارخانوں کوسربمہر کردیا

کارخانوں سے مین پوری کی سینکڑوں بوریاں اس کی تیاری میں استعمال ہونے والی چھالیہ اورکھجورکی گھٹلیاں برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:26

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء)بلدیہ کے فوڈ ڈپارٹمنٹ اورپولیس کی بھاری نفری نے پریٹ آباد میں کاروائیاں کرکے مین پوری اورگٹکا تیار کرنے والے تین بڑے کارخانوں کوسربمہر کردیا،کارخانوں سے مین پوری کی سینکڑوں بوریاں اس کی تیاری میں استعمال ہونے والی چھالیہ اورکھجورکی گھٹلیاں برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں،پولیس نے گرفتار ملزم کو مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عیوض شخصی ضمانت پر رہا کردیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو صبح بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے شعبہ خوراک کے ڈائریکٹرتوحیداحمد اورایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمدشاہ کی خصوصی ٹیم کے سربراہ سب انسپکٹر ظفرچانڈیوکی سرکردگی میں پولیس کی بھاری نفری نے پنیاری تھانہ کی حدود پریٹ آباد میں زچہ خانہ اورپریٹ آباد کالج سے متصل علاقوں میں قائم مین پوری اور گٹکا بنانے والے تین بڑے کارخانوں پر چھاپے مارکرسینکڑوں بوریاں چھالیہ،کھجورکی گٹلیاںاوربھاری مشینری ضبط کر لی ، بعدازاں یہ کارخانے سربمہر کر دیئے گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارخانے اقبال آرائیں اورانورآرائیں کی ملکیت ہیں اورکاروائی کے دوران کارخانے کے منیجرزاہد آرائیں اور4مزدوروں کو بھی گرفتار کیاگیا تھا مگر بعدازاں تمام گرفتار افراد کو معاملات طے کرکے رہاکردیاگیا،ذرائع کاکہنا ہے کہ کاروائی کے دوران چھالیہ اورکھجورکی گٹلیوں سے بھرے دوٹرک بھی برآمد کئے گئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ پنیاری سمیت دیگر تھانوں کی حدود میں درجنوں مقامات پر مین پوری اورگٹکابنانے کے کارخانے قائم ہیں جنہیں متعلقہ پولیس یومیہ بھتے کے عیوض کام کرنے دے رہی ہے۔