جماعت اشاعت التوحید والسنت کا سالانہ سہ روزہ تربیتی اجتماع 27اکتوبر کو پنچ پیر صوابی میں منعقد ہوگا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 18:48

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) جماعت اشاعت التوحید والسنت کا سالانہ سہ روزہ تربیتی اجتماع 29,28,27اکتوبر کو پنچ پیر صوابی میں منعقد ہوگا، اجتماع میں چاروں صوبوں کے جید علمائے کرام شرکت کرینگے ، اجتماع میں 50ہزار لوگوں کیلئے پنڈال تیار کیا جارہا ہے ۔اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے جماعت اشاعت التوحید والسنت کے صوبائی ترجمان فیاض خان نے بتایا کہ جماعت اشاعت التوحید والسنت کا سالانہ سہ روزہ تربیتی اجتماع 29,28,27اکتوبر کو پنج پیر صوابی میں منعقد ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اجتماع کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، اجتماع کا مقصد توحید والسنت کی اشاعت اور شرک و بدعت ، رسوم باطلہ کی تردید ،عصمت انبیاء ، ناموس رسالتؐ عقیدہ ختم نبو ة کا دفاع کرنا اور صحابہ کرام ؓ کو عادل راشد او ر معیار حق سمجھنا اور ان کو ہر قسم تنقید و تنقیس سے بالا تر سمجھتے ہوئے ان کی عظمت کا دفاع کرنا ، سلف صالحین ، اولیاء امت، اکابرین دیوبند ، علمائے حق کا اخترام کرتے ہوئے مقام کا دفاع کرنا ، فقہ کے چاروں ائمہ کرام کو حق سمجھتے ہوئے فقہ امام ابو حنیفہ کی پیروی اور ترویج کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مغربی نظریاتی باطلہ ، فحاشی و عریانی کے خاتمہ اور نفاذ شریعت و غلبہ اسلام کیلئے منظم جد و جہد کرنا ، وطن عزیز کی سا لمیت، استحکام ، امن اور دفاع کیلئے ہر ممکن کو شش کرنا اوربہ وقت ضرورت پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنا ، مدارس اسلامیہ کے قیام اور ترجمہ و تفسیر قرآن کریم کے اہتمام کے ذریعے قرآن فہمی اور علم و عمل کو فروغ دینا ، تبلیغی اجتماعات ، در س قرآن اور دعوتی کتب و مسائل کے ذریعے دعوت تبلیغ کا فریضہ انجام دینا اجتماع کے بنیادی مقاصد ہیں جس پر جید علمائے کرام سیر حاصل بحث کرینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجتماع میں پنجاب ، خیبر پختونحوا ، بلوچستان ، سندھ اور گلگت بلتستان سے جید علمائے کرام جن میں پنجاب سے حضرت العلامہ مولانا عطاء اللہ بندھیالوی ، مولانا احمد شعیب خان ، مولانا شاکر محمود اور جماعت اشاعت التوحید والسنت کے مرکزی نائب امیر مولانا اشرف علی شرکت کرینگے ۔صوبہ سندھ سے مولانا رفیق اللہ خان ، مولانا محمد شاہ اور مولانا رفیع اللہ خان شرکت کرینگے ۔

بلو چستان سے مولانا سیف اللہ اور مولانا نعیم جبکہ خیبر پختونحوا سے مولانا مفتی سراج الدین ، مولانا شمس الہادی ، مولانا غلام حبیب ہزار وی ، مولانا مفتی منیر شاکر ، مولانا احمد جمشید خان اور مولانامفتی محمد آیاز شرکت کرینگے ۔ اس کے علاوہ وحدت المدارس اسلامیہ پاکستان کے مرکزی صدر مولانا شاد محمد میرانی اور ناظم اعلی مولانا سمیع الحق بھی اجتماع میں شرکت کرینگے ۔ سہ روزہ اجتماع میں طلبہ توحید والسنت کے صوبائی امیر مولانا قاسم شاہ بھی حصوصی شرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ اجتماع کے آخری روز 29اکتوبر مرکزی امیر مولانا محمد طیب طاہر ی خصوصی خطاب کرینگے ۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے بابر کت اجتماع میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔