تحریک انصاف نابالغ سیاسی جماعت ہے جو ملک میں افراتفری پیدا کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے،سابق وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں،مسلم لیگ (ن) اپنی متحرک قیادت میں متحد ہے،وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی متحرک قیادت میں متحد ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی خلاء موجود نہیں،لوگوں نے ہمیشہ محمد نواز شریف کو ووٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اقتدار کی منتقلی اور نظام کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے اور پاکستان مخالف قوتیں اسے نقصان پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک نابالغ سیاسی جماعت ہے جو ملک میں افراتفری پیدا کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی اداروں کا احترام کیا ہے اور کبھی بھی ان کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہی۔ ملکی معاملات کو چلانے کے لیے قانون کی حکمرانی بہت اہم ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اظہار رائے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی بھی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی تیاری اور ان پر عملدرآمد کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔