ہم نے جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھگتا ہے مگر یہ یکطرفہ احتساب ہے،پوری قوم اسے دیکھ رہی ہے، حمزہ شہباز

ہفتہ 11 نومبر 2017 18:45

ہم نے جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھگتا ہے مگر یہ یکطرفہ احتساب ہے،پوری ..
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھی ہم نے بھگتا ہے اب بھی ہر قسم کے احتساب کیلئے تیار ہیں مگر یہ یکطرفہ احتساب ہے اور پوری قوم اس کو دیکھ رہی ہے۔ انصاف وہ ہے جو ہوتا ہوا نظر آئے۔ وہ ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان مرحوم کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے یہاں چکوال پہنچے تھے انہوں نے چوہدری لیاقت کے بھائی صبح صادق، صاحبزادوں چوہدری حیدر سلطان، شہریار سلطان اور چوہدری لیاقت کی اہلیہ ایم این اے بیگم عفت لیاقت سے اظہار تعزیت کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر سابق جسٹس مظہر حسین منہاس، چیئرمیں ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاداحمد، ملک کفایت حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے اور چوہدری لیاقت علی رہائشگاہ کو حمزہ شہباز شریف کی اپنی سیکورٹی نے چاروں طرف سے گھیرے میں لے رکھا تھا، میڈیا کے بھی کچھ سینئر نمائندوں کو بلایا گیا تھا ۔

حمزہ شہباز شریف نے مزید بتایا کہ انتخابات میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیی اور اس ضمن میں سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور سیاست پاکستان کا مستقبل ہیں۔ لہٰذا عوام کی رائے کا ہر صورت میں احترام کیا جانا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں حمزہ شہباز شریف نے چوہدری لیاقت علی خان کی پارٹی کیلئے خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمارے ناصرف دیرینہ ساتھی تھے بلکہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔

حمزہ شہباز شریف آدھا گھنٹہ قیام کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ وہ خصوصی جہاز کے ذریعے مرید ایئر بیس پرآئے جہاں پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر، ڈی پی او محمدہارون جوئیہ اور چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :