مہران یونیورسٹی جامشورو کے آئی ای سی کی جانب سے انٹرپرینیوئرشپ کا عالمی ہفتہ منایا گیا

پیر 13 نومبر 2017 19:06

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے آئی ای سی ( انوویشن اینڈ انٹرپرینیوئرشپ سینٹر ) کی جانب سے انٹرپرینیوئرشپ کا عالمی ہفتہ منایا گیا۔ مہران یونیورسٹی کے مین آڈیٹوریم میں آئی ای سی (ٹیکنالوجیز کے ذریع چھوٹے کاروباری سرگرمیوں) کے ہفتہ وار سرگرمیوں کی افتتاحی تقریب کی مہمان خاص سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ مہران یونیورسٹی نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے اور اب دنیا کی بہترین جامعات کی طرف قدم بڑھا رہی ہے ، مہران یونیورسٹی اب عالمی آئی ای سی برادری کا حصہ ہو چکی ہے جس پر اس کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سماجی ترقی والے منصوبوں کو ترقی دلوا رہی ہے اور اس سلسلے میں جامعات کا اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید تحقیق کے ذریع سماجی ترقی اور فلاح کے لئے جدید تصورات اور ٹیکنالوجی کے نت نئے منصوبوں کو عملی شکل دینی ہوگی اور مہران یونیورسٹی وہی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کو اس فیلڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے کیوں کہ یہ محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ جامعات کا کام تحقیق ہے اور تحقیق کے ذریعہ ہم اپنی مقامی آبادیوں اور برادریوں کو معاشی فوائد پہنچا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے جامشورو ضلع کے 5مقامی اسکولوں میں توانائی اور صاف پینے کے پانی والے منصوبے مکمل کئے ہیں،ہمیں یہاں سے ایسے انجینئر پیدا کرنے ہیں جو خود روزگار کی تلاش نہیں بلکہ روزگار فراہم کرنے کا زریعہ بنیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہران یونیورسٹی ہے جو عالمی آئی ای سی برادری کا حصہ بن چکی ہے اور ایک مکمل سینٹر قائم کر چکی ہے جو کہ مقامی صنعتکاروں سے رابطے میں ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں بہترین انجینئر پیدا کرنے ہیں جو سماجی رقی میں اپنا بھرپور کردارادا کر سکیں ․ مہران یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر ایس ایم قریشی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پہلے رہنما تھے جسے سماجی ترقی کا علم تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے اہم اقدام اٹھائے، انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی مد میں مہران یونیورسٹی اہم کردار ادا کر رہی ہے آئی ای سی کے منیجر ڈاکٹر ذوالفقار علی عمرانی نے پورے ہفتے جاری سرگرمیوں کے بارے میں بتایا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا یاد رہے کہ عالمی آئی ای سی کی اختتامی تقریب جمعے کو ہوگی اور پورا ہفتہ طلبہ و طالبات میں مختلف منصوبوں کے مقابلوں والی سرگرمیاں جاری رہینگی یہ دن پوری دنیا میں 170 ممالک میں منایا جاتا ہے۔