غیر جمہوری قوتیں رات کے اندھیرے میں حکومتوں پر قابض ہوجاتی ہیں ،عوام کے حقوق غضب کرتی ہیں، نثار احمد کھوڑو

پارٹی کی پالیسی ہے حکومت اپنے 5 سال پورے کرے، ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے یہ اعتراف خود کیا وہ ایجنسیوں کے کہنے پر سیاست کرتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کو اب اس سے متعلق اپنا موقف واضح کرنا ہوگا، دیگر جماعتیں کتنی بھی جلسیاں کریں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں ،5دسمبر کو پیپلز پارٹی کا 50 واں یوم تاسیس بھرپور اور جوش وخروش سے منایا جائے گا، سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب

پیر 13 نومبر 2017 21:28

غیر جمہوری قوتیں رات کے اندھیرے میں حکومتوں پر قابض ہوجاتی ہیں ،عوام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتیں رات کے اندھیرے میں حکومتوں پر قابض ہوجاتی ہیں اور عوام کے حقوق غضب کرتی ہیں۔پارٹی کی پالیسی ہے کہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے۔ ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے یہ اعتراف خود کیا ہے کہ وہ ایجنسیوں کے کہنے پر سیاست کرتے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ کو اب اس سے متعلق اپنا موقف واضح کرنا ہوگا۔ دیگر جماعتیں کتنی بھی جلسیاں کریں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ سب کی سیاست ختم، اب پیپلز پارٹی کی باری ہے۔ 5دسمبر کو پیپلز پارٹی کا 50 واں یوم تاسیس بھرپور اور جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو سندھ کونسل کا اجلاس نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی عہدیداران، سندھ کونسل کے ارکان، سندھ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، فیڈرل کونسل کے ارکان، منتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس گولڈن جوبلی کو بھرپور اور جوش وخروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ30 نومبر کو پیپلز پارٹی کو 50 سال پورے ہورہے ہیں۔ اس دوران پیپلز پارٹی نے آمروں کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے۔ پارٹی کے اس تاریخی کردار پر تمام کارکنان فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اب بھی اس عزم کے ساتھ موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے خود یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ ایجنسیوں کے کہنے پر سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا صوبے کی تقسیم کا نعرہ بھی ان کے کہنے پر لگایا جاتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ پاکستان میں موجود ہیں اور سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں حیدرآباد اور دادو میں کامیاب جلسوں پر کارکنان کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 29 نومبر کو پیپلز پارٹی سندھ میں چراغاں کرے گی۔

بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ یوم تاسیس کے موقع پر 5 دسمبر کو اسلام آباد پریڈ گرائونڈ میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اسلام آباد جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں سندھ سے بڑی تعداد میں کارکنان ورہنما شرکت کریں گے۔ نثار احمد کھوڑو نے بتایا کہ 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی 10 ویں برسی منائی جائے گی۔ برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹو میں بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔