کراچی ،حافظ نعیم الرحمن کی تیز رفتار واٹر ٹینکر کے الٹنے سے جاں بحق دو حافظ ِ قرآن بہنوں اور ایک بھائی کے گھر جا کر ان کے اہل ِ خانہ سے ملاقات اور تعزیت

پیر 13 نومبر 2017 22:55

کراچی ،حافظ نعیم الرحمن کی تیز رفتار واٹر ٹینکر کے الٹنے سے جاں بحق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شاہ فیصل کالونی میں 14وھیلر تیز رفتار واٹر ٹینکر کے الٹنے سے جاں بحق ہو نے والی دو حافظ ِ قرآن بہنوں اور ایک بھائی کے گھر جا کر ان کے اہل ِ خانہ سے ملاقات اور تعزیت کی ،ان کے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع شر قی کے امیر یونس بارائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایک ہی گھر کے اندر ایک ساتھ تین افراد کے جاں بحق ہو نے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے لواحقین اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تیز رفتار ی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ایک سنگین جرم ہے اور اس طرح کے زیادہ تر واقعات اور حادثات اسی وجہ سے ہو تے ہیں لیکن افسوس کہ حکومت ،متعلقہ اداروں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کوئی روک تھام نہیں کی جاتی ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو ئیں ۔اسے کسی طرح بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو قرار واقعی سزا دے ۔متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گوکہ مرحومین کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا مگر ضروری ہے کہ متاثرہ خاندان کو معقول معاوضہ ادا کیا جائے ۔ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔#

متعلقہ عنوان :