فیصل آباد، ٹیوٹا نے طلباء کی انرولمنٹ کو 80فیصد تک بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کاآغاز کردیا

جمعرات 16 نومبر 2017 14:39

فیصل آباد۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی نے فیصل ۱ٓباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں اپنے اداروں میں طلباء کی انرولمنٹ کو 80فیصد تک بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کاآغاز کردیا ہے۔ صنعتی ، کاروباری ، تجارتی شعبہ کی ڈیمانڈ کے پیش نظر مختلف نئے کورسز بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ ٹیوٹا کے اداروں سے تعلیم و تربیت مکمل کرکے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو فور ی طور پر باعزت روزگار کے مواقع میسرآ سکیں۔

ٹیوٹا کے ترجمان نے بتایاکہ سادہ تعلیم کے حصول کے باعث پڑھے لکھے نوجوانوں میں بیروزگاری کاتناسب بڑھتا جارہاہے جس سے معاشرے میں مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ ان مسائل سے نجات اور طلبا ء کو ماہر ، ہنر مند افراد ی قوت میں تبدیل کرتے ہوئے ٹیکنیکل ہینڈ بنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاکہ صنعتی و کاروباری اداروں کو ان کی ضرورت کے مطابق ہنر مندافرادی قوت مل سکے اور ٹیوٹا کے اداروں سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوان باعزت روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں ٹیوٹا کے اداروں میں 98500 طلباء نے داخلہ حاصل کیا مگر ان میں سے صرف 30فیصد کو نوکریاں ملیں تاہم اس سال کی تعداد تقریباً دوگنا کرکے نہ صرف ایک لاکھ 60ہزار طلباء و طالبات کو داخلہ دیاجائیگا بلکہ انہیں فارغ التحصیل ہونے پر 100فیصد نوکری ںبھی لے کردی جائیں گی ۔ انہوںنے بتایاکہ اس وقت ٹیوٹا 54 مختلف ٹریڈ زکیلئے 140 کورس چلا رہا ہے جن میں سے صرف 80 سے 90 کورسز کرنے والوں کی مارکیٹ میں طلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا چاہتاہے کہ مختلف شعبوں کے صنعتکاروں کی مشاورت سے ان کی ضرورت کے مطابق سلیبس تیار کرکے مزید ایسے کورسز شروع کئے جائیں جن کو پاس کرنے والے طلبہ کو فوری نوکریاں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے گارمنٹس ، رائس آپریٹر، دواسازی ، جم اینڈ جیولری، آئی ٹی اور ایمبرائیڈری سمیت کئی شعبوں کیلئے جدید سلیبس تیار کیا جا رہا ہے جس کے بعدنئے انداز سے یہ کورسزجلد شروع کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا نے اپنے فارغ التحصیل طلبہ کی تفصیلات پر مبنی ڈیٹا مرتب کر لیا ہے جسے آئندہ ایک ڈیڑھ ماہ تک ٹیوٹا کے ویب پورٹل پر ڈال دیا جائیگا اس طرح مختلف صنعتی ادارے اپنی ضروریات کے مطابق متعلقہ ہنر مند افرادی قوت تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔