اسحاق ڈار وطن واپس نہیں آرہے ،معاملات جوں کے توں پڑے ہیں اسلئے ملک کو فل ٹائم وزیرخزانہ کی ضرورت ہے،

ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کا اتحاد ٹوٹتے ہی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی شروع کردی ، سندھ کی تقسیم کسی صورت ممکن نہیں سندھ کا ہر شہری صوبے کی حفاظت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دے گا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا سہون میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 نومبر 2017 23:11

اسحاق ڈار وطن واپس نہیں آرہے ،معاملات جوں کے توں پڑے ہیں اسلئے ملک ..
سہون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار وطن واپس نہیں آرہے جب کہ معاملات جوں کے توں پڑے ہیں اس لئے ملک کو فل ٹائم وزیرخزانہ کی ضرورت ہے، ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کا اتحاد ٹوٹتے ہی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی شروع کردی اور ساتھ ہی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے نئے صوبے کے مطالبے کا پرانا راگ الانپا شروع کردیا لیکن ہم واضح کررہے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت ممکن نہیں سندھ کا ہر شہری صوبے کی حفاظت کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دے گا۔

وہ ہفتہ کو سہون میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اتحاد سے دلی خوشی ہوئی تھی اور مجھے لگ رہا تھا کہ اب یہ دونوں مل کر صوبے بالخصوص کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے متحد ہوگئے ہیں اب صوبے میں بہتری آئے گی لیکن اتحاد صرف 24 گھنٹے ہی رہا اور پہلے سے زیادہ سنگین الزامات کا تبادلہ شروع ہوگیا،ملک کو اسحاق ڈار کی نہیں فل ٹائم وزیرخزانہ کی ضرورت ہے، اسحاق ڈار وطن واپس نہیں آپارہے اور ملکی معیشت کے تمام معاملات رکے ہوئے ہیں جنہیں آگے بڑھانا ہے وزیرخزانہ کو چاہئیے کہ وہ ملک واپس آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں اور وزارت خزانہ کا منصب کسی ذمہ دار بندے کو سونپا جائے۔

(جاری ہے)

سہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سانحہ سہون کا معاملہ حل کرنے کے لئے میں نے ذاتی دلچسپی لی اور کیس کے حل کے لئے تمام اداروں سے مدد لی گئی، سانحہ میں ملوث تقریباً تمام ملزمان یا تو گرفتار ہوچکے یا مارے گئے ہیں صرف ایک یا دو دہشت گرد ہیں جنہیں جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔