وزیر مملکت چودھری عابد شیر علی کی این ٹی ڈی سی اور تقسیم کار کمپنیوں کو ترسیلی نظام میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایات

جمعہ 24 نومبر 2017 18:31

وزیر مملکت چودھری عابد شیر علی کی این ٹی ڈی سی اور تقسیم کار کمپنیوں ..
لاہور۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) وزیر مملکت برائے توانائی چودھری عابد شیر علی نے این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے زیرتکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کریں۔ وہ واپڈا ہائوس میں پاور سسٹم کنسٹرینٹس پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میںڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، جنرل منیجر (آر اینڈ سی او) پیپکو سمیت پاور ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

جلاس کے دوران وزیر مملکت برائے توانائی چودھری عابد شیر علی نے موجودہ حکومت کے پاور سیکٹر میںمؤثر اقدامات اورنمایاں کار کردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ محکموںکی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی پاور سسٹم میں سرپلس بجلی دستیاب ہے تاہم چند مخصوص سسٹم کنسٹرینٹس اور لائن لاسزکی وجہ سے ڈسٹری بیوشن کمپنیاں لوڈ شیڈنگ کرنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے مہنگے تیل سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانے بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پرانے پاور پلانٹس کی بحالی اور دیکھ بھال کا کام نہیں کیاجس کے باعث سسٹم کنسٹرینٹس بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ تین برسوں میں بجلی کے کئی منصوبے مکمل کئے ہیں۔

چودھری عابد شیر علی نے کہا کہ وزارت توانائی نے پہلے ہی سسٹم کنسٹرینٹس کی نشاندہی کی اور متعلقہ اداروں کو اپنا ترسیلی نظام ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کا ہدف دیا ۔سسٹم کنسٹرینٹس پر آئندہ اجلاس دسمبرمیں منعقد ہوگا ۔ وزیر مملکت برائے توانائی چودھری عابد شیر علی نے پاور ڈویژن، پیپکو، این ٹی ڈی سی اور تقسیم کار کمپنیوں کے آفیسرز پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کو ہدایات دیںکہ این ٹی ڈی سی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ زیرتکمیل منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنی پراگریس رپورٹس اپنی متعلقہ ویب سائٹس پرنمایاں طور پر لگائیںجسے عوام دیکھ سکیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسران منصوبے مکمل کرنے میں ناکام رہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ اہم عہدوں پر ایماندار اور محنتی انجینئرز کی تعیناتی کی جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت پر پایہٴ تکمیل کو پہنچیں۔ انہوںنے 500کے وی پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن انرجائز ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور این ٹی ڈی سی سمیت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی سسٹم کنسٹرینٹس دور کرنے پرسراہا ۔

متعلقہ عنوان :