خورشید شاہ اور سید ناصر حسین شاہ کا محکمہ سندھ لائیو اسٹاک کے ڈی جی ،ڈی سی سکھر کے ہمراہ کنڈی فارم روہڑی کا دورہ

منگل 28 نومبر 2017 22:15

خورشید شاہ اور سید ناصر حسین شاہ کا محکمہ سندھ لائیو اسٹاک کے ڈی جی ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی کیٹل کالونی کی تعمیر کے سلسلے میں محکمہ سندھ لائیو اسٹاک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی اکبر سومرو ،ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلواور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ کنڈی فارم روہڑی کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر لائیو اسٹاک عبدالقادر جونیجو او ر فارم سپرنٹنڈنٹ مدد علی لغاری نے اپوزیشن لیڈر اورصوبائی وزیر اطلاعات کو کنڈی فارم کی اراضی کے سلسلے میں نقشوں کی مدد سے تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوکا شیپ فارم کے لئے 76ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جو کہ بھینسوں کے باڑے کے لئے موزوں نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ کوکاشیپ فارم کے تعمیر شدہ بنیادی ڈھانچہ اور 76ایکڑ امین پر سندھ وٹنری یونیورسٹی سکرنڈ کا کیمپس کھولا جائے گا ، جس کے لئے حکومت سندھ نے منظوری دے دی ہے اور یہ کیمپس سکھر ضلع اور اطراف کے عوام کے لئے پیپلز پارٹی کی حکومت کاتحفہ ہوگا ۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے غلام بند کے پاس پانی کی جھیل کے قریب کیٹل کالونی روہڑی کے لئے تجویز کردہ زمین کا معائنہ کیا ۔

ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو اور لائیو اسٹاک افسران نے بتایا کہ کیٹل کالونی کے لئے تجویز کی گئی 62ایکڑ موزوں ہے اور بھینسوں کے نہانے کے لئے پانی کی جھیل بھی موجود ہے ۔ افسران نے بتایا کہ کیٹل کالونی میں روہڑی کی دو دیہوں کے 200باڑے منتقل کئے جائیں گے ، جس میں ڈسپینسری، ڈرینج ، پانی کے تالاب اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کیٹل کالونی روہڑی کے لئے تجویز کردہ زمین کو موزوں قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کام شروع کرنے کے لئے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ جمع کرائی جائے جبکہ تحریری کام بھی جلد مکمل کیا جائے ۔

صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کیٹل کالونی روہڑی کے لئے تجویز کردہ 62ایکڑ زمین کی فوری الاٹمنٹ کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سے جلد ہی سمری منظور کرائی جائے گی جس کے بعد کالونی کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا ۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے پنوعاقل کے علاقے سلطان پور میں شوکت جونیجو کی وفات پر ان کے بیٹے عامر شوکت اور دیگر سے تعزیت کی۔