سندھ اور پنجاب کے لیے اداروں کا رویہ الگ الگ ہے ‘ اب یہ دہرا معیار نہیں چلے گا۔خورشید شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 دسمبر 2017 14:17

سندھ اور پنجاب کے لیے اداروں کا رویہ الگ الگ ہے ‘ اب یہ دہرا معیار نہیں ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 دسمبر۔2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ سندھ اور پنجاب کے لیے اداروں کا رویہ الگ الگ ہے تاہم اب یہ دہرا معیار نہیں چلے گا۔اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، بلاول بھٹو اپنے نانا کی طرح سیاست کریں گے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کرنے کی دعویدار ایک جماعت کا غرور توڑ دیا، پیپلز پارٹی کے جیالوں کے لیے پریڈ گراﺅنڈ چھوٹا پڑ گیا، ہمارے آدھے لوگ گراﺅنڈ کے اندر اور آدھے باہر تھے، سیالکوٹ، جہلم، لالہ موسی، کشمیر اور اٹک کے جلوس ٹریفک جام کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے جب کہ 40 سے 50 ہزار جیالے نیشنل ہائی وے پر تھے جو جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے۔خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف سنگین مقدمات کے باوجود نا تو کوئی گرفتاری ہوئی اور نا ہی کوئی نام ای سی ایل میں ہے، دوسری طرف شرجیل میمن خود پیش ہوئے لیکن انصاف نہیں مل رہا، سندھ اور پنجاب کے لیے اداروں کا رویہ الگ الگ ہے تاہم اب یہ دہرا معیار نہیں چلے گا۔