ضلع راولپنڈی میں ووٹرز تصدیقی مہم کل سے شروع ہو گی

ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2223تصدیقی آفیسر سر انجام دیں گے

جمعرات 14 دسمبر 2017 17:04

ضلع راولپنڈی میں ووٹرز تصدیقی مہم کل سے شروع ہو گی
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن را ولپنڈی کی ٹیمیں کل15دسمبر سے ووٹرز تصدیقی مہم کا آغاز کریں گی ،مہم کے دوران نیشنل ڈیٹا بیس سے حاصل شدہ قومی شناختی کارڈز فہرست کے مطابق ووٹرز فہرست کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی(آج) 15دسمبرسے گھر گھر ووٹرز ویریفکیشن مہم شروع کرے گا ، یہ تصدیقی مہم 7 جنوری 2018 تک جاری رہے گی ۔

ووٹرز ویریفکیشن مہم کے پہلے مرحلے کے اختتام پر ضلع بھر میں قائم کیے جانے والے 199ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں 08جنوری2018 سے 6 فروری 2018 تک آویزاں کی جائیں گی ۔ ابتدائی ووٹرز فہرست پر اعتراضات 08جنوری2018 سے 16فروری تک وصول کیے جائیں گے جبکہ حتمی فہرست 10اپریل کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن میں آویزاں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹر ز ویریفکیشن مہم نادرا کے جاری کردہ نئے قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی جائے گی ،غلط انٹری کی صورت میں ووٹر کے قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل پتہ کے حوالے سے تصحیح کی جائے گی ۔

الیکشن کمیشن راولپنڈی کے مطابق ضلع راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29,47,715 ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 15,73,117جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد۔13,74,598 ہے ۔الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ نادرا سے حاصل شدہ ڈیٹا کی روشنی میں فوت شدہ ووٹرز کا نام فہرست سے خارج کیا جائے گا ۔ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2223 تصدیقی آفیسر (ویری فکیشن آفیسرز )سر انجام دیں گے ۔واضح رہے کہ کہ 2013کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے ووٹروں کی مجموعی تعداد 26 لاکھ تھی اور معمول کی ووٹر اندراج مہم کے بعد اب راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔