وزیر بلدیات پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ کااستنبول میں وفد کے ہمراہ پینے کے صاف پانی کے پلانٹس کا دورہ،منصوبے پر سیر حاصل معلومات حاصل کیں

منصوبے کے ذریعے عوام کو پینے کا صاف پانی باقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ گھر کے دیگر استعمال کے لئے علیحدہ پراسس ہے،ترک حکام کی بریفنگ

اتوار 17 دسمبر 2017 16:50

لاہور۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) وزیر بلدیات پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے ترکی کے شہر استنبول میں وفد کے ہمراہ پینے کے صاف پانی کے پلانٹس کا دورہ کیا اور اس عظیم منصوبے پر سیر حاصل معلومات لیں۔ ترکی کے اعلیٰ حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے عوام کو پینے کا صاف پانی باقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے اور اسے قطعی ضائع نہیں ہو نے دیا جاتا جبکہ گھر کے دیگر استعمال کے لئے علیحدہ پراسس ہے۔

اس موقع پر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت اور استنبول میونسپلٹی کے درمیان واٹرسیکٹر ، ٹریفک مینجمنٹ اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں تعاون سے پنجاب بھر میں سہولیات کی فراہمی یقینی بن جائیں گی۔

(جاری ہے)

ترکی کی طرف سے پنجاب کے عوام کو دی جانے والی سہولیات کو باہمی تعاون سے پنجاب بھر میںہنگامی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا۔

پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور عوام کو بہتر سے بہتر شہری ودیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترکی حکومت سے تعاون لے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ استنبول میونسپلٹی کی شہری سہولتوں، ٹریفک مینجمنٹ، واٹر سیکٹر اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے،پنجاب حکومت اور متعدد ترک کمپنیوں کے مابین شاندار اشتراک کار موجود ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ، صحت اور دیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں نے بڑی سرمایہ کاری کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے او ر یہ حق ہم انہیں دیں گے اس لئے پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کے بڑے پروگرام پر کام کررہی ہے اور مفاد عامہ کے اس بڑے پروگرام کو عالمی ماہرین کی مشاورت سے پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھایا جا رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے کیلئے مئوثر اقدامات کے لئے بھی ترکی کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ٹریفک کے بہائو کی بہتری کے لئے تر کی کا مربوط پلان بنا کر اس پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب ٹریفک کا بہائو کنٹرول کرنے کے لئے اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے صوبے کے اعلیٰ افسران کو ٹریننگ کے لئے ترکی بھجوائے گی۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ شہرو ںکو ہارٹیکلچر سے دلکش اور خوبصورت بنانے کے لئے پی ایچ اے جیسے ادارے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، ٹریفک مینجمنٹ ، واٹر سیکٹر او رہارٹیکلچرکے شعبوں کی بہتری کے لئے استنبول میونسپلٹی کے حکام سے سود مند معاہدے کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :