وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف غریب بیوہ دیہی خواتین کی فلاح وبہبود منصوبہ،

بیوہ خواتین میں 275مویشی تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 جنوری 2018 22:57

وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف غریب بیوہ دیہی خواتین کی فلاح وبہبود ..
فیصل آباد۔06جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے غریب بیوہ دیہی خواتین کی فلاح وبہبود کے منصوبے کے تحت ضلع جھنگ کی تحصیل احمد پورسیال اورشور کوٹ سے تعلق رکھنے والی بیوہ خواتین میں 275مویشی تقسیم کئے گئے اس سلسلے میں ایک تقریب پرانی بکرمنڈی شورکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں ارکان صوبائی اسمبلی خالد محمود سرگانہ،خالد غنی اورچیئرمین ضلع کونسل بابر خاں سیال مہمانان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر لائیوسٹاک فارمز ڈاکٹر عبدالرحمان،اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ چوہدری اشرف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر عبدالماجد،ڈاکٹر فریحہ اسلم،ڈاکٹر محمداکرم ودیگر بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران خواتین کی موجودگی میں درخواستوں کی قرعہ اندازی کی گئی اور احمد پور سیال کی 144جبکہ شورکوٹ کی 131بیوہ خواتین میں 120ویہڑیاں اور155جھوٹیاں مفت تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے خواتین میں دودھ دینے والے جانوروں کی تقسیم کو وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا اہم انقلابی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت دیہی غریب بیوہ خواتین کو روزگار کمانے میں سہارا ملے اور ان کی معاشی مشکلات کاازالہ ہوگا۔

انہوں نے مویشی حاصل کرنے والی خواتین کومبارکباد دی اورمحکمہ لائیوسٹاک کے اقدامات کو سراہا۔چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ دیہی ترقی میں لائیوسٹاک کی اہمیت سے انکارنہیں کیا جاسکتااوراس سکیم کی بدولت نہ صرف روزگار کے مواقع حاصل ہونگے بلکہ جانوروں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک فارمز نے بتایا کہ سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق کے ویژن کے مطابق بیوہ خواتین میں جانوروں کی شفاف انداز میں تقسیم کا عمل جاری ہے اورڈویژن کے چاروں اضلاع میں 3280جھوٹیاں اور ویہڑیاں بذریعہ قرعہ اندازی مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرعبدالماجد نے تقریب میں خصوصی شرکت پر ارکان اسمبلی،چیئرمین ضلع کونسل اوردیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔