مخا لفین کو زرداری فوبیا ہو گیا ہے بلوچستان سیاسی صورتحال میں پی پی کا کوئی بھی کردار نہیں ہے، ناصر حسین شاہ

ن لیگ والے مکمل طور پر ناکام ہونے کے بعد سیاسی شہید بننے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز لیگ حکومت نے کوئی بھی کام وقت پر نہیں کیا جب ہی بحران اور تحریکیں جنم لے رہی ہیں ، ختم نبوت ؐ یا ماڈل ٹاؤن سانحے کے ذمہ دار بروقت استعفی دیتے تو تحریک اتنا زور نہ پکڑتی ، صوبائی وزیر اطلاعات کی میڈیا نمائندوں سے گفتگو

منگل 9 جنوری 2018 22:02

مخا لفین کو زرداری فوبیا ہو گیا ہے بلوچستان سیاسی صورتحال میں پی پی ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2018ء) محکمہ اطلاعات سندھ کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان سیاسی صورتحال میں پی پی کا کوئی بھی کردار نہیں ہے ، ن لیگ والے مکمل طور پر ناکام ہونے کے بعد سیاسی شہید بننے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ میں امن سابق آئی جی غلام حیدر جمالی کے دور میں قائم ہوا تھا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے سرسو کے یوسی سطح تک غربت کے خاتمے کے پروگرام کو پورے صوبے میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے چھوٹے قرضے دئیے جائیں گے ، جبکہ سرسو کی جانب سے تعلیم اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں بھی تاریخی کام کئے جا رہے ہیں جس سے سماجی ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیراطلاعات نے بلوچستان کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مخا لفین کو زرداری فوبیا ہو گیا ہے ، بلوچستان میں سیاسی بحران پیدا کرنے میں پی پی کا کوئی بھی کردار نہیں ہے وہاں پر ہمارا ایک بھی ممبر نہیں ہے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ حکومت نے کوئی بھی کام وقت پر نہیں کیا جب ہی بحران اور تحریکیں جنم لے رہی ہیں ، ختم نبوت ؐ یا ماڈل ٹاؤن سانحے کے ذمہ دار بروقت استعفی دیتے تو تحریک اتنا زور نہ پکڑتی آج ہی اگرنواز شریف طاہر القادری کے مطالبات پورے کریں تو مذاکرات کے زریعے تحریک ختم کی جا سکتی ہے ۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہونے کے باعث پاکستان دنیا میں اکیلا ہو گیا ہے امریکہ بھی الٹی سیدھی باتیں کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی مانی ہوئی بہترین فوجوںمیں سے ایک ہے ، اللہ کی مہربانی ، شہید بھٹو کے ویژن اور ایٹمی طاقت ہونے کے باعث پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے مقدم ہیں جن کا احترام ہونا چاہیئے لیکن نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کی روش تکرار کی صورتحال پیدا کر رہی ہے اور یہ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ پی پی کسی بھی غیر جمہوری طریقہ کار کا ساتھ نہیں دے گی ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کی زیادتی پر اصولی اورخلاقی طور پر طاہر القادری کے ساتھ ہیں ، حکومت کو آگے آکر ان کے مطالبات ماننے چاہیئے ایسا نہ ہو کہ آگے چل کر یہ کہیں کہ مجھے کیوں نکالا صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں ن لیگ کا کوئی ووٹ بینک نہیں ہے اس کے باوجود بھی آپا مریم سندھ میں آنا چاہتی ہیں تو ضرور آئیں یہ سب کا جمہوری حق ہے ۔

امریکی صدر کے بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے لئے پاکستان کی سلامتی اور عزت سب سے مقدم اور اولین ہے ، ٹرمپ امریکہ کے لئے خودکش بمبار ہے وہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے خلاف ہے ، صاف نظر آرہا ہے کہ ٹرمپ پورے امریکہ کو ڈبو دے گا ۔ خواجہ آصف کے بیان پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اہل اور نااہل نمائندے جو بھی بات کرتے ہیں اس کا کوئی سر پیر نہیں ہوتا ، پی پی کسی بھی ایسی چیز کا حصہ نہیں بنے گی جو کہ ملک کے لئے مسائل پیدا کرے ۔

صوبائی وزیر نے آئی جی سندھ کی تقرری کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اے ڈی خواجہ ایک اچھے آفیسرہیں لیکن بات انتظامی معاملات کی ہے ، سندھ میں امن کا دور سابق آئی جی غلام حیدر جمالی کے وقتوں میں بحال ہوا اس کا تسلسل اے ڈی خواجہ نے جاری رکھا ، وفاقی حکومت کو قانون کے مطابق نام بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصیراللہ بابر آپریشن پیپلز پارٹی نے ہی شروع کرایا تھا جس کے بعد پولیس کا مورال ڈاؤن ہوا اور نواز شریف کے دور میں افسران کے ساتھ کیا ہوا تھا وہ سب کے سامنے ہے کہ کس طریقے سے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی اور ان کو دربدر کیا گیا پھر بھی پی پی نے ہی موجودہ دور میں بھی کراچی میں رینجرز کی مدد سے آپریشن کر کے امن قائم کیا ۔

آبادگاروں کے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ریکارڈ کی بات ہے کہ وفاقی حکومت نے شوگر ملز مالکان کو شکر کی ایکسپورٹ بروقت نہیں کرنے دی اور تاخیر سے سبسڈی دے کر اجازت تب ملی جب انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتیں کم ہو گئیں، نرخوں کا الزام صرف سندھ پر ہی لگانا نا مناسب ہے ، پنجاب اور کے پی کے کی کسی بھی مل میں معلوم کیا جائے تو وہاں بھی نرخ کم مل رہے ہیں، اس کے باوجود بھی 10تاریخ کو عدالت میں سماعت ہے جو فیصلہ آئے گا اس پر عملدرآمد کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ہم آباد گاروں کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے اس مس،ْلے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،سانگھڑ میں بھی شوگر ملز ہیں ان سے کوئی کیوں نہیں پوچھتا کہ نرخ کم کیوں دیئے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے احتجاج اور مطالبات ماننے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آبپاشی ملازمین کے ٹائم اسکیل اور دیگر مطالبات کو حکومت سندھ نے مان لیا ہے اور وزیر اعلی سندھ نے سمری پردستخط کر دیئے ہیں جبکہ اساتذہ کے ٹائم اسکیل کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سکھر پریس کلب کے نئے منتخب صدر جاوید میمن ، فوٹو گرافر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید گھنجیو اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر انہوں نے یونین آف جرنلسٹس آفس کا دورہ کیا اور رپورٹرز اور فوٹو گرافرز کے مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔