بچوں کو عملی طور پر طاقتور بننا ہے، ایک دن ملک کی قیادت بھی سنبھالنی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ

بدھ 24 جنوری 2018 20:56

بچوں کو عملی طور پر طاقتور بننا ہے، ایک دن ملک کی قیادت بھی سنبھالنی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء) صوبائی وزیر محنت، ٹرانسپورٹ و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے بدھ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام کالرن ، گرو اور امپاور کے عنوان سے منعقدہ کراچی یوتھ فیسٹول میں مختلف مقابلوں میں ضلع سینٹرل کے حصہ لینے والے اسکول کے طلبہ و طالبات کے درمیان تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو عملی طور پر طاقتور بنانا ہے کیونکہ آپ کا سفر یہاں پر ختم نہیں ہوا بلکہ یہ سفر آگے بڑھنا ہے اور ہر سطح پر تیاری کے ساتھ ساتھ ایک دن ملک کی قیادت بھی سنبھالنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنے والدین،اساتذہ کی عزت بڑھانی اور جو بچے اسکول جانے سے محروم ہیں ان کو تعلیم کی طرف لانا ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے اس مقابلے کی طرح مستقبل میں بھی ہر مقابلے کے میدان میں آپ کو کامیابی نصیب ہوگی اور ایسی مثبت سرگرمیاں منعقد ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

نجی شعبہ میں یہ مثبت سرگرمیاں ہوتی ہیں لیکن حکومتی سطح کے اسکولوں پر بھی با صلاحیت بچے موجود ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے لوہا منوانے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہیں مبارک باد دیتا ہوں اور جو بچے کامیاب نہیں ہوئے رہ گئے انہیں بھی محنتی اور صلاحیتوں سے آئندہ کامیابی حاصل ہونگی۔

صو با ئی وزیر محنت و اطلاعات نے آرٹس کونسل کراچی یوتھ اسٹیوٹا اور اساتذہ و والدین کو بھی مبارک باد دی ہے کہ انہوں نے ایسی سرگرمیاں منعقد کرانے میں اپنا کردار ادا کیا اور باصلاحیت بچوں کو وزیر اعلیٰ سندھ نے انعامات اور اسکالر شپس رکھی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کی روشنی میں تعلیم کی بہتری اور سب بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے ہر سطح پر حکومت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی ہر سطح پر مدد و تعا ون اور اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، ڈاکٹر ایوب شیخ ،شہناز صدیقی، بشیر سدوزئی اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی شرکت کی اور صوبائی وزیر محنت و اطلاعا ت سید ناصر حسین شاہ نے خصوصی طور پر انعا م بھی دیئے اور بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔