کشمیریوں پر مظالم کے لیے مودی سرکار کو ٹرمپ انتظامیہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، مزمل اقبال ہاشمی

انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود عالمی برادری نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کے لیے استحکام کی ضمانت ہے

جمعہ 2 فروری 2018 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر مظالم کے لیے مودی سرکار کو ٹرمپ انتظامیہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود عالمی برادری نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کے لیے استحکام کی ضمانت ہے۔

حکمرانوں کو جان لینا چاہیے کہ خطے میں امن مودی سے یاری نہیں، مسئلہ کشمیر کے حل سے قائم ہوگا۔ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر 11 فروری تک عشرہ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائیں گے۔ 5 فروری کو شاہراہ کشمیر پر کشمیر کارواں اہالیان کراچی کی آواز ثابت ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں پروگرامات اور سیمینار منعقد کرکے کشمیر کے لیے حکومت سے کردار ادا کرنے کی تحریک چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران بھارت و امریکا کے دبائو میں آنے کی بجائے کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کریں۔ بھارتی فوج نے کشمیر میں بدترین قتل و غارت گری شروع کر رکھی ہے۔ روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید، ان کی املاک تباہ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، لیکن امریکا کو نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی کوئی پرواہ نہیں۔ کشمیری قوم دہشت گردی کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈا سے متاثر ہونے والی نہیں ہے۔

بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہونے تک کشمیری اپنی تحریک آزادی پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری قوم کی مضبوط جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں کشمیر ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر بھارت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر کے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، لیکن یہ سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو ں گی۔

کشمیری تحریک آزادی جاری رکھیں گے اور پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ 5 فروری کو شاہراہ کشمیر پر کشمیر کارواں تمام سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کی متفقہ آواز قرار پائے گا۔ اہالیان کراچی کشمیر کارواں میں بھرپور انداز سے شرکت کرکے دنیا کو پیغام دیں کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔