کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں: چوہدری عبدالغفور

ھارت کے غاصبانہ روّیے نے کشمیر کو گزشتہ ستّر سالوں سے لہو لہان کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں بچا جس کے مکینوں کو بھارت کی بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑا ہو اور وہاں کسی شہید کی ماں، بہن ،بیٹی موجود نہ ہو، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم کشمیر کسی کی میراث نہیں ہے اور اس کے عوام کے علاوہ کسی کا اس پر حق نہیں۔ پاکستانی حکومت و افواج اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ایم این اے ملک ابرار

پیر 5 فروری 2018 20:44

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں: ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2018ء) پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے منعقد کردہ یوم یکجہتی ِ کشمیر ایونٹ میں مہمان ِ خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے دلوں کی ایک ہی آواز ہے کہ پاکستان ہمارے لئے ایک جسم کی مانند ہے اور اس کی شہ رگ کشمیر ہے اورہر ذی شعور انسان جانتا ہے کہ شہ رگ کے بغیر زندہ رہنا ممکن ہی نہیں۔

بھارت کے غاصبانہ روّیے نے کشمیر کو گزشتہ ستّر سالوں سے لہو لہان کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں بچا جس کے مکینوں کو بھارت کی بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑا ہو اور وہاں کسی شہید کی ماں، بہن ،بیٹی موجود نہ ہو۔ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر بھارت کے ظلم و جبر اورکشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت کیلئے آواز اٹھائی جس کے نتیجے میں اقوام ِ متحدہ نے بھی قرارداد پاس کی کہ اس مسئلہ کو کشمیر یوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آتا۔

(جاری ہے)

چوہدری عبدالغفور خان نے نریندر مودی کو یہ پیغام دیا کہ جتنا چاہے بھارت ظلم کرلے لیکن کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکے گا۔ ان کے حق ِ آزادی کو پامال نہیں کر سکے گا۔ ان کاجذبہِ حُریّت کبھی ٹھنڈا نہیں پڑے گا اور کشمیری قوم کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا اور جہاں بھی ممکن ہوا، بھارت کے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے گا۔

راولپنڈی کے ایم این اے ملک ابرار احمد نے خطاب میں کہا کہ بھارت نے کشمیر کو اپنی کالونی سمجھ رکھا ہے اور جبر و ستم کے باعث میرے لہو لہان کشمیری لوگ نہ عید منا سکتے ہیں نہ ہی انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے۔ کشمیر کسی کی میراث نہیں ہے اور اس کے عوام کے علاوہ کسی کا اس پر حق نہیں۔ پاکستانی حکومت و افواج اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر ہم خون کا آخری قطرہ تک بہا دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم پر دستاویزی فلمز چلائی گئیںاور فلشمینز ہوٹل کو کشمیر کی تحریک ِ ٓزادی سے متعلق بینرز سے سجایا گیا اور کشمیری ٹیبلو زپیش کیے گئے ۔ تقریب کے دوران ملّی و کشمیری نغمات بھی پیش کیے گئے۔ ۔