ملک بھر میں قائم 26 خصوصی مراکز میں ایڈز کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی

جمعرات 8 فروری 2018 11:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2018ء) نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ایڈز کے موذی مرض کے تدارک کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے عالمی دن کا مقصد اس موذی مرض کے حوالے سے پالیسی سازوں اور عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے اور لوگوں تک اس حوالے سے درست معلومات پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لیے بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس مرض کے حوالے سے نہ صرف آگاہی پیدا کرنا ہے بلکہ اس کا شکار افراد کی علاج معالجے تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورے ملک میں ایڈز کے مریضوں کے علاج کے لیے 26 خصوصی مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں ایڈز کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ 2017ء میں 8888 مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ اس سال 11800 سے زائد افراد مفت علاج کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر اسائی اور یو ایس ایڈ کے نمائندہ ڈاکٹر ممادو نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :