ملک بھر میں میں پولیو سے بچائو کی قومی پولیو مہم پیرسے شروع ہوگی

پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ پچاسی لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیںگے

جمعہ 9 فروری 2018 21:58

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) ملک بھر میں پولیو کی قومی مہم12سے 16 فروری تک منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع ، تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے لئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میںصوبائی وزیربرائے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے ہدایات جاری کی ہیںکہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ہر ممکن انتظامات کئے جائیں۔

خواجہ عمران نذیر نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہر بچے کوپولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گی تاکہ ہر بچے کو اضافی تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری صحت پنجاب علی جان خان نے اس موقع پر بتایا کہ موجودہ انسداد پولیو مہم کے دوران گزشتہ مہمات میں رہ جانے والے بچوں اور علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔کو ارڈینیٹر ایمر جنسی آپریشن سنٹر ڈاکٹر منیر احمد کے مطابق پنجاب بھرمیں اس مہم میں تقریباً ایک کروڑ پچاسی لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا ئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یہ اس سال کی پہلی قومی مہم ہے جو کہ اس عزم کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے کہ 2018ء پولیو کے خاتمے کا آخری سال ثابت ہو گا۔ انہوں نے بتا یا کہ بین الصوبائی بارڈرز پر ویکسین پلانے کے لئے خصوصی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہا ں سے دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو قطرے پلا ئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لیے صوبہ بھر میں 44ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر یونین کونسل میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچائو کے قطرے بچوں کو پلائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ پولیو سے بچائو کی ویکسین اب تک بننے والی ہر ویکسین سے زیادہ محفوظ ہے اور بچوں کو موثر تحفظ فراہم کرتی ہے۔ڈاکٹر منیر احمد نے مزید بتایا کہ دنیا پولیو کی بیماری کی خاتمے کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم قومی پولیو مہم کے دوران قومی جذبے سے کام کرکے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے محکمہ صحت کے حکام کے ایک اجلاس میں ہدایات جاری کی ہیں کہ قومی پولیو مہم کے دوران قومی جذبے کے ساتھ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک پولیو ویکسین کے قطرے پہنچانے کے لئے ٹیمیں تندہی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں اور مہم کے دوران روزانہ کی بنیاد پر پولیو مہم کے مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے والدین سے کہاکہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں اور اگر کسی بھی وجہ سے پولیو ٹیم کے اراکین گھروں تک نہ پہنچ سکیں تو اس کی بروقت اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :