الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا

لیگ کے قائم مقام سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو خط، 28جولائی 2017سے مسلم لیگ ن کا پارٹی سربراہ کا عہدہ خالی قرار قائم مقام صدر کے انتخاب کیلئے سات روز میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس بلائیں اور 45روز کے اندر پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے تاریخ کا تعین کریں، خط میں ہدایات الیکشن کمیشن کی جانب سے سینٹ انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر اہم اعلان آج متوقع نوازشریف نے بھی پارٹی کے مرکزی راہنمائوں کا اجلاس آج پنجاب ہائوس میں طلب کرلیا سپریم کورٹ کے فیصلے اور پارٹی امور زیر غور آئیں گے

بدھ 21 فروری 2018 23:05

الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ کیس کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے نکال دیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے قائم مقام سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے وہ قائم مقام صدر کے انتخاب کیلئے سات روز کے اندر سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلائیں اور 45روز کے اندر پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے تاریخ کا تعین کریں ۔

مسلم لیگ (ن )کے قائم مقام سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے عدالت عظمی کے مختصر فیصلے کی روشنی میں محمد نواز شریف کا نام بطور صدر پاکستان مسلم لیگ ن الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے ہٹایا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 28جولائی 2017سے مسلم لیگ ن کا پارٹی سربراہ کا عہدہ خالی قرار دیا ہے او ر کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت اگر پارٹی صدر کا عہدہ کسی وجہ سے خالی ہوتا ہے تو سیکرٹری جنرل یا یہ فرض ہوتا ہے کہ وہ سات روز میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس بلا نے کا پابند ہے اور 45روز کے اندر پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے تاریخ کا تعین کر ے چونکہ 28جولائی 2017سے مسلم لیگ ن کا پارٹی سربراہ کا عہدہ خالی قرار دیا جاتاہے لہذا پارٹی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل کو یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پارٹی آئین کے آرٹیکل 15کے تحت پارٹی صدر کا انتخاب کریں اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء الیکشن کمیشن نے آج (بروز جمعرات) ایک اور اہم اجلاس طلب کرلیا،اجلاس میں یم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں نواز شریف کی جانب سے سینٹ انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر اہم اعلان متوقع ہے دوسری جانب سابق وزیر اعظم نوازشریف نے پارٹی کے مرکزی راہنمائوں کا اجلاس آج (بروز جمعرات ) پنجاب ہائوس میں طلب کرلیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور پارٹی امور زیر غور آئیں گے۔ سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیئے ہوئے شخص کو پارٹی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا ہے، جس کے بعد نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر نہیں رہے اور بحیثیت پارٹی صدر ان کے کئے گئے فیصلے بھی کالعدم قرار دیئے گئے ہیں۔