سپریم کورٹ،کیس کا فیصلہ ہونے تک حج قرعہ اندازی کی اجازت دینے کی استدعا مسترد

تمام ہائیکورٹس میں حج سے متعلق زیرالتوا تمام مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کرنے کی ہدایت ، اسلام آباد ہائی کورٹ مقدمات کو یکجا کر کے دو ہفتوں میں فیصلہ سنائے

پیر 26 فروری 2018 22:24

سپریم کورٹ،کیس کا فیصلہ ہونے تک حج قرعہ اندازی کی اجازت دینے کی استدعا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے حج کوٹہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے تمام ہائیکورٹس میں حج سے متعلق زیرالتوا تمام مقدمات کو اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کو حکم دیا ہے کہ حج کے حوالے سے تمام مقدمات کو یکجا کر کے دو ہفتوں میں فیصلہ کیا جائے۔ پیرکوچیف جسٹس میا ں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حج کو ٹہ کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریقین کے وکلاء کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ حج کو ٹہ کے حوالے سے مختلف ہا ئی کورٹس میں مقدمات زیر سماعت ہیں، عدالت کے استفسارپر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایاکہ حج کوٹہ کے حوالے سے دومقدمات سندھ جبکہ ایک ملتان میں زیر سماعت ہے استدعا ہے کہ حج کیلئے قرعہ اندازی کرنے کی اجازت دی جائے تا ہم عدا لت نے کیس کا فیصلہ ہونے تک حج کی قرعہ اندازی کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے کہا کہ حج پالیسی سے متعلق مختلف ہائیکورٹس میں مقدمات زیرالتوہیں، جس کی وجہ سے حج پالیسی کے بارے میں متضاد فیصلے آسکتے ہیں، اس لئے تمام ہائی کورٹس سے مقدمات اسلام آباد ہائی کورٹ میں منگوالیتے ہیں، تاکہ کیس کا ایک ہی فیصلہ آسکے، بعد ازاں عدالت نے تمام ہائیکورٹس میں زیرالتوا مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ کو منتقل کر نے کی ہدا یت کر تے ہوئے حکم دیاکہ دو ہفتوں میں اس کیس کا فیصلہ سنادیا جائے۔

متعلقہ عنوان :