صوبے بھر میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق بروقت ااور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے ،پرویز خٹک کی ہدایت

تاخیر کی صورت میں متعلقہ تعمیراتی کمپنی یا ٹھیکیدار پر قانون اور معاہدے کے تحت مقرر سزائوںپر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، نرمی کا ہمیشہ غلط فائدہ اُٹھایا جاتا ہے اور اس کا خمیازہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بھگتنا پڑتا ہے،وزیر اعلی خیبر پی کے

بدھ 7 مارچ 2018 22:00

صوبے بھر میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق بروقت ااور ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق بروقت ااور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے جبکہ تاخیر کی صورت میں متعلقہ تعمیراتی کمپنی یا ٹھیکیدار پر قانون اور معاہدے کے تحت مقرر سزائوںپر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ اس ضمن میں نرمی کا ہمیشہ غلط فائدہ اُٹھایا جاتا ہے اور اس کا خمیازہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بھگتنا پڑتا ہے وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سوات ایکسپریس وے،قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس، ڈی ایچ کیو ہسپتال، کشتی پل نوشہرہ، حویلیاں دھم توڑ روڈ اور مواصلات و سرکاری عمارات کی تعمیر سے متعلق دیگر سکیموں پر جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اجلاس میں وزیربرائے ایکسائز میاں جمشید الدین کاکا خیل، محکمہ ہائے مواصلات، صحت، خزانہ و قانون کے سیکرٹریوں، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایس ایس یو کے سربراہ، نیشنل و پراونشل ہائی وے اتھارٹیز کے نمائندگان، ایف ڈبلیو او کے نگران افسران، ترقیاتی سکیموں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات کا سختی سے نوٹس لیا گیا کہ عوامی مفاد کے اہم منصوبوں پر معمولی تاخیر بھی قومی خزانے پر بوجھ کے علاوہ عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور ایگریمنٹ کی خلاف ورزی پر متعلقہ ٹھیکیداروں اور حکام پر بلا رو رعایت سزائیں اور جرمانے عائد کئے جائیں انہوں نے سوات ایکسپریس وے کے اختتامی مقام چکدرہ کے قریب رائونڈ ابائوٹ کی بجائے انٹرچینج کی تعمیر سے متعلق درخواست پر مسئلے کے فوری حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ایس ایم بی آر، سیکرٹری مواصلات، سیکرٹری قانون، سیکرٹری خزانہ، کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ پر مشتمل یہ کمیٹی انٹرچینج کی زد میں آنے والی اراضی کے مالکان کی رضامندی سے اراضی معاوضے کا تعین کرکے انہیں رپورٹ پیش کریگی تاکہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کا ہر منصوبہ عوام کے مفاد اور ضروریات کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے چکدرہ انٹرچینج کی تعمیر سے 177 مقامی خاندان متاثر ہوتے ہیں جن کی قیمتی اراضی اس کے زد میں آئیگی اور ان غریب خاندانوں کو مناسب معاوضے کی ادائیگی سے ہی مسئلے کا حل ممکن ہے ورنہ رائونڈ ابائوٹ کی تعمیر سے ہی اس اہم شاہراہ کو ٹریفک کیلئے جلد از جلد کھول کر عوام کو ان کے فوائد سے بروقت مستفید کیا جا سکتا ہے پرویز خٹک نے حویلیاں۔

دھم توڑ روڈکیلئے درکار فنڈز کے فوری ریلیز کی ہدایت کی تاکہ ہزارہ ڈویژن میں مواصلات کا یہ اہم منصوبہ بھی بروقت مکمل ہو اور خطے کے لوگ اس کے ثمرات سے جلد فائدہ اُٹھائیںانہوں نے مزید ہدایت کی کہ آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ دار ٹھیکیداروں اور کمپنیوں پر بھاری بھرکم جرمانے عائد ہونے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں اور سکیموں کے سربراہان کو بھی قصوروار ٹھہرایا جائے گا اور اسی بنیاد پر ان کی سرزنش ہوگی کیونکہ موثر نگرانی کے فقدان کی وجہ سے منصوبے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں اور سزا عوام کو ملتی ہے انہوں نے کہا کہ وہ خود ماضی میں ٹھیکیدار رہے اور تعمیراتی کمپنیاں چلائیں جبکہ ترقیاتی سکیموں پر تاخیر کی صورت میں بخوشی جرمانے بھی بھرنے پڑے اس لئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر کسی بھی سطح پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے اور تاخیر یا ناقص تعمیر کی ذمہ داری بھی قبول کی جانی چاہئے جو مہذب اور ترقیافتہ اقوام کا شیوہ ہے اور یہ جو دراصل عوام کے ساتھ انصاف کے برابر بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :