ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد نے چیئرمین سینیٹ کیلئے فروغ نسیم کا نام تجویز کردیا

ہفتہ 10 مارچ 2018 18:38

ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد نے چیئرمین سینیٹ کیلئے فروغ نسیم کا ..
اسلام آباد / کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2018ء) ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد نے چیئرمین سینیٹ کیلئے فروغ نسیم کا نام تجویز کردیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان سے مذاکرات کیلئے بہادر آباد مرکز کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم سے بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار لانے کی درخواست کی جس پر ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے بات چیت کے بعد جواب دینے کا فیصلہ کیا تاہم اس موقع پر کنور نوید جمیل نے چیئرمین سینیٹ کیلئے ایم کیو ایم کے رہنماء فروغ نسیم کا نام تجویز کردیا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے وفد اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کے درمیان ملاقات ہوئی ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری اور وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ لانے کے حوالے سے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔