عدلیہ اور فوج کا دفاع مسلم لیگ (ن) کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کریگی، مشاہد اللہ خان

زکوة کی شرح سے ووٹ لینے والے عدلیہ اور فوج کے تحفظ کے حوالے سے باتیں کر کے اداروں کو متنازع نہ بنائیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 17 مارچ 2018 22:18

عدلیہ اور فوج کا دفاع مسلم لیگ (ن) کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کریگی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء، وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ عدلیہ اور فوج کا دفاع پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی مسلم لیگ (ن) کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کریگی، زکوة کی شرح سے ووٹ لینے والے عدلیہ اور فوج کے تحفظ کے حوالے سے باتیں کر کے اداروں کو متنازع نہ بنائیں۔

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اور عدلیہ پورے پاکستان کو عزیز ہیں ، مخالفین دفاع کی باتیں کر کے اداروں کو متنازع نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اس نے عدلیہ کو بحال کرایا ، عدلیہ کے دفاع کی باتیں کرنیوالے عدلیہ کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔ نواز شریف جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کی بحالی کیلئے نکلے تھے اور عدلیہ بحال کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے دفاع کے حوالے سے باتیں کرنیوالے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں کیونکہ ملک کے ادارے ہم سب کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ، پاکستانی فوج اور عدلیہ کا دفاع کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی یہی جماعت دفاع کریگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے عدلیہ بحال کرائی اب ہم عدل بحال کرائینگے۔انہوں نے کہا کہ زکوة کی شرح سے ووٹ لینے والے فوج اور عدلیہ کا کیا تحفظ کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان کو اپنی بات پارٹی فورم پر کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ پوری قوم کے سامنے ہے اور ہر آدمی اس کو سمجھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے، اختلاف کی باتیں پچھلے تیس سال سے ہو رہی ہیں لیکن شہباز شریف ڈٹ کر اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بات کرنے کا انداز ہر شخص کا علیحدہ ہوتا ہے مگر شہباز شریف نے واضح کردیا ہے کہ نواز شریف میرے لیڈر تھے ، میرے لیڈر ہیں اور رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :