ڈریپ قوانین پر عملدرآمد کے لیے 2020ء تک کا ٹائم دیا جائے ‘ حکیم سید عمران فیاض

پی ٹی پی ایم اے ہربل انڈسٹری کے تحفظ و بقاء کے لیے خلوص نیت سے کام کر رہی ہے‘ حکیم محمد افضل میو

منگل 20 مارچ 2018 13:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کا ہر بل انڈسٹری کے خلاف کریک ڈائون لاکھوں افراد کا معاشی قتل ہے ، ہر بل انڈسٹری کو فارم 7حاصل کرنے اور دیگر قوانین پر عملدرآمد کیلئے 2020تک کا وقت دیا جائے تاکہ ڈریپ قوانین پر موجود ہربل انڈسٹری کے تحفظات کو دور کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان طبی کانفرنس کے رہنمائوں پرفیسر حکیم سید عمران فیاض اور حکیم محمد افضل میو نے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی پی ایم اے کے قائدین اقبال احمد قرشی ، ڈاکٹر افتخار علی ، راشد قریشی ، ڈاکٹر زاہد اشرف، ڈاکٹرحبیب اللہ چیمہ، ہربل انڈسٹری کے تحفظ و بقاء کے لیے خلوص نیت کے ساتھ مصروف عمل ہیں ۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی اعلیٰ قیادت کو چاہیے کہ وہ ان کے تحفظات کو دور کریں اور طب ، طبیب کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچائیں ۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ ان اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت کے بغیر ڈریپ قوانین کے تحت کاروائی یا کریک ڈائون نہ کیا جائے ۔ ورنہ لاکھوں لوگ خود کشی پر مجبور ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر بل انڈسٹری کا وطن عزیز کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ہے ۔ اس لیے ہربل انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کے لیے 2020تک کا وقت دیا جائے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز فارم 7اور دیگر قوانین پر عملدرآمد کر سکیں۔